ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 عسکریت پسند ہلاک
جمعرات 27 نومبر 2025 20:30
آئی ایس پی آر کے مطابق ’آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے تلاش کیا‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران 22 عسکرت پسندوں کا ہلاک کیا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’26 نومبر سیکورٹی فورسز نے انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر یہ آپریشن کیا۔‘
بیان میں بتایا گیا کہ ’آپریشن کے دوران فورسز کے دستوں نے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے تلاش کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی انڈین سپانسرڈ خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔‘
’سیکورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی طرف سے وژن ’عظیم استحکام‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔‘
