Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں حماس مخالف گروہ کے سربراہ ابو شباب ہلاک، اسرائیلی میڈیا

18 نومبر کو ابو شباب کے گروہ نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں درجنوں جنگجوؤں کو ان کے نائب سے احکامات لیتے دکھایا گیا کہ وہ ’رفح کو دہشت گردی سے پاک کریں‘۔ (فوٹو: عرب نیوز)
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ غزہ میں حماس مخالف مسلح فلسطینی گروہ کے سربراہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ واقعہ ان اسرائیلی کوششوں کے لیے دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے جن کا مقصد اسلامی مزاحمتی تحریک کے خلاف فلسطینی قبائل کی حمایت حاصل کرنا ہے۔
یاسر ابو شباب، جو جنوبی غزہ کے اسرائیل کے زیرِ قبضہ رفح میں مقیم ایک بدوی قبائلی رہنما تھے، غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ابھرنے والے متعدد چھوٹے حماس مخالف گروہوں میں سب سے نمایاں گروہ کی قیادت کر رہے تھے۔
حماس انہیں مخبِر قرار دے چکی ہے اور اپنے جنگجوؤں کو انہیں قتل یا گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
ان کے گروہ پاپولر فورسز کے فیس بک صفحے پر ابو شباب کی صورتحال کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع پوسٹ نہیں کی گئی ہے۔
جون میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعتراف کیا تھا کہ اسرائیل نے اینٹی حماس قبائل کو اسلحہ فراہم کیا، اگرچہ اُس کے بعد سے اسرائیل نے اس پالیسی کی مزید تفصیلات شاذ و نادر ہی جاری کی ہیں۔
ابو شباب کی ہلاکت کی خبر اسرائیلی میڈیا، بشمول اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے دی۔
اسرائیل کی آرمی ریڈیو نے بھی ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وہ جنوبی اسرائیل کے سوروکا ہسپتال میں زخموں کے باعث ہلاک ہوا، تاہم ہسپتال نے جلد ہی اس بات کی تردید کی کہ اسے وہاں داخل کیا گیا تھا۔
رپورٹس میں نہ یہ بتایا گیا کہ وہ کب ہلاک ہوا اور نہ یہ کہ اسے زخم کیسے لگے۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ حماس کے غزہ میں موجود ترجمان نے بھی کہا کہ انہیں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا۔
ابو شباب کے گروہ نے اسرائیل سے کسی قسم کی مدد ملنے کی تردید کی ہے۔
یہ گروہ اکتوبر میں طے پانے والی امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی کے بعد بھی ان علاقوں میں سرگرم رہا ہے جو اسرائیلی فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔
18 نومبر کو ابو شباب کے گروہ نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں درجنوں جنگجوؤں کو ان کے نائب سے احکامات لیتے دکھایا گیا کہ وہ ’رفح کو دہشت گردی سے پاک کریں‘۔

 

 

شیئر: