یوٹیوبرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشہور یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روز کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔
جوئے کی ایپس کی تشہیر اور سائبر کرائم سے متعلق دیگر دفعات کے تحت کیسز کا سامنا کرنے والے رجب بٹ اور ندیم نانی والا بدھ کے روز عدالت میں پیش ہوئے۔
اس سے قبل دونوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرتے وقت گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور آج پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
کیس کی سماعت جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت میں سماعت ہوئی۔
رجب بٹ کے وکیل نے عدالت سے راہداری ضمانت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بھی مقدمہ چل رہا ہے۔
جس پر جسٹس انعام امین نے 10 روز کی راہداری ضمانت مںظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا کہا۔
ہائیکورٹ کی جانب سے دونوں کو 10 روز کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
منگل کو نجی چینل سے وابستہ صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے دعویٰ کیا تھا رجب بٹ کو برطانیہ سے نکال دیا گیا ہے تاہم ان کے وکیل میاں علی اشفاق نے اس کی تردید کی تھی۔
مرتضیٰ علی کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی حکومت نے رجب بٹ کا ویزا منسوخ کر کے انہیں برطانیہ سے بے دخل کر دیا ہے۔
ان کے مطابق ’رجب بٹ پر برطانوی حکومت نے یہ الزام لگایا کہ جب ڈیڑھ برس قبل رجب نے ویزا اپلائی کیا تھا تو اس وقت انہوں نے خود پر چلنے والے کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔‘
مرتضیٰ علی نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’رجب بٹ اب برطانیہ سے واپس پاکستان روانہ ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوست ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا بھی موجود ہیں۔‘
ان کے مطابق ’کچھ ہفتے قبل رجب اور ندیم کو برطانوی انسداد دہشت گردی ایجنسی ایم آئی 6 نے غیرقانونی کارروائیوں کے الزامات لگنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کے بعد ان پر لگے الزامات بوگس ثابت ہوئے مگر اس ہی دوران جب ہوم آفس کو بتایا گیا تو ان پر موجود پاکستان میں جاری کیسز کی تفصیلات سامنے آئیں۔‘
دوسری جانب ان کے وکیل میاں علی اشفاق نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’رجب بٹ کو برطانیہ سے ڈی پورٹ نہیں کیا گیا وہ اپنی مرضی سے واپس آ رہے ہیں۔‘