’گلوبل ہارمنی ٹو‘ انیشیٹیو، ریاض میں یوگنڈا کے آرٹ، ثقافت اور پکوانوں کی دھوم
جمعرات 11 دسمبر 2025 19:41
دو روزہ ثقافتی ایونٹ نے کئی قومیتوں کے وزیٹرز کو راغب کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اطلاعات کی جانب سے ’گلوبل ہارمنی ٹو‘ انیشیٹیو کے ایک حصے کے طور پر ریاض کے السویدی پارک میں یوگنڈا کے ثقافتی ایونٹ جمعرات کو اختتام پذیر ہوگیا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دو روزہ ثقافتی ایونٹ نے کئی قومیتوں کے وزیٹرز کو راغب کیا۔
یہ ایونٹ عالمی ثقافتی سرگرمیوں کے ایک وسیع سلسلے کا حصہ ہے جس کا مقصد ثقافتی تبادلے میں اضافہ کرنا اور مملکت کی طرف سے ثقافتی تنوع کا خیرمقدم کرنا ہے۔
اس ثقافتی ایونٹ میں فنکاروں اور انفلوئسرز نے میوزیکل پرفارمنس، روایتی شوز اور تفریحی پروگرام کے ذریعے یوگنڈا کی ثقافت کو اجاگر کیا۔
یوگنڈا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوک گروپوں نے روایتی گیتوں کے ذریعے ورثے کو پیش کیا۔

روایتی ملبوسات، دستکاری اور پکوانوں کی نمائش کی گئی، جو یو گنڈا کے ثقافتی تنوع کو ظاہر کرتے ہیں۔
مملکت میں مقیم یوگنڈا کے شہریوں نے ریاض میں اپنی ثقافت کو دنیا سے متعارف کرانے پر فخر کا اظہار کیا۔
اس سال کے انیشیٹیو کا مقصد دنیا کی 14 ثقافتوں کو سراہنا ہے جن میں سے ہر ایک، مملکت میں موجود مختلف کمیونٹی کی نمائندگی کر رہی ہے۔

اس کلچرل انیشیٹیو کو دیکھنے کے لیے اب تک 20 لاکھ سے زیادہ افراد آ چکے ہیں۔ ’گلوبل ہارمنی ٹو ‘ انیشیٹیو کی اب صرف دو نمائشیں باقی ہیں۔
السویدی پارک میں 11سے 13 دسمبر تک ایتھوپیا جبکہ 14 سے 20 دسمبر تک سوڈان کے دن منائے جائیں گے۔
