سعودی عرب کی پالمیرا کے قریب امریکی اور شامی فورسز پر دہشت گرد حملے کی مذمت
اتوار 14 دسمبر 2025 17:51
حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری مترجم مارے گئے تھے (فوٹو: اے پی)
سعودی عرب نے شام کے شہر پالمیرا کے قریب مشترکہ آپریشن کے دوران امریکی اور شامی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ حملہ اس وقت ہوا جب شامی فورسز اور امریکی اہلکار علاقے میں دہشت گردی سے نمنٹے کی کوششوں کے تحت جوائنٹ فیلڈ پٹرولنگ پر تھے۔
حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری مترجم مارے گئے تھے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ، شام اور امریکہ کی حکومتوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
یہ حملہ ایک برس قبل شامی صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد پہلا واقعہ ہے جس میں جانی نقصان ہوا ہے۔
شام کے سرکاری میڈیا اور ایک جنگی مبصر کے مطابق سنیچر کو امریکی فوجیوں کے ایک تاریخی مرکزی شہر کے دورے کے دوران شامی اور امریکی افواج پر فائرنگ کی گئی۔
یہ فائرنگ پالمیرا کے قریب ہوئی۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے عراق اور اردن کی سرحد کے قریب واقع التنف فوجی اڈے منتقل کیا گیا۔
داعش کے خلاف جاری بین الاقوامی اتحاد کے تحت امریکہ کے سینکڑوں فوجی مشرقی شام میں تعینات ہیں۔
گذشتہ ماہ شام نے بھی داعش کے خلاف عالمی اتحاد میں شمولیت اختیار کی تھی۔
