’ سعودی ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شراکت داری کے بہترین نتائج‘
ابھا ائیرپورٹ کی گنجائش بڑھا کر 13 ملین تک لے جانے کا منصوبہ ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج نے کہا ہے کہ ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کیا گیا جس کے مملکت کی سطح پر بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
الاخباریہ کے مطابق لاجسٹک سروسز کانفرنس 2025 میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا شمار نجی شراکت داری کا پہلا منصوبہ تھا جو 2016 میں لاگو کیا گیا۔‘
’نجی شراکت داری سے قبل ائیرپرٹ پر سالانہ مسافروں کی آمد ورفت محض 3 ملین تھی جبکہ اب اس ائیرپورٹ پر مسافروں کی گنجائش 8.5 ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔‘
چیئرمین سول ایوی ایشن کا کہنا تھا’ ایک برس قبل ایئرپورٹ کی گنجائش میں اضافے کے حوالے سے معاہدے کے تحت اسے 18 ملین تک لے جانا تھا جس کے لیے سرمایہ کار کے ساتھ معاہدے کو 30 برس کےلیے بڑھا دیا گیا جو کارکردگی کی بنیاد پر تھا۔‘
انہوں نے کہا ’اگرچہ کورونا وبا کے حوالے سے ایوی ایشن کا شعبہ دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔‘
عبدالعزیز الدعیلج کا مزید کہنا تھا’ ایئرپورٹس کے شعبے میں نجی شراکت داری کے منصوبے کو مزید وسعت دینے پر کام جاری ہے اس حوالے سے نجی سیکٹر بہت اہم ہو گا۔‘
شراکت داری منصوبے کا آغاز ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کیا گیا۔ اب تک 100 سے زائد مقامی اور انٹرنیشنل کمپنیوں نے ایئرپورٹ آپریشن اینڈ مینٹیننس کے بارے میں اپنی پیشکشوں سے مطلع کیا ہے۔
انہوں نے کہا’ ابھا ائیرپورٹ منصوبے کے تحت مسافروں کی گنجائش کو 1.5 ملین سے بڑھا کر 13 ملین تک لے جانا ہے اس حوالے سے متعدد کنٹریکٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔‘
