Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ 10 روز تک پاکستان بھر میں موسم کیسا رہے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں دھند بڑھنے کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 10 روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کے امکانات ہیں۔
منگل کو میٹ آفس کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’شمالی علاقوں کی کچھ جگہوں پر دسمبر کے پہلے ہفتے کے دوران ہلکی بارش یو سکتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پہاڑی علاقوں، بالخصوص کشمیر، گلگت بلتستان میں ہنزہ اور سکردو میں شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہیں گے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کا امکان ہے تاہم بعض علاقوں میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ دیگر حصوں میں خنکی برقرار رہے گی۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دھند اور سموگ کی شدت میں اضافے کی پیشن گوئی ہے تاہم لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ملتان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں دھند اور سموگ چھائی رہے گی جس سے شہریوں کو حدِ نگاہ میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند پڑنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ میں موسم خشک جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 14 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا جہاں کم سے کم درجہ حرارت چار اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری رہے گا جبکہ لاہور میں کم سے کم نو اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے۔
 

شیئر: