Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: افغانستان کے راشد خان نمبر ون بولر بن گئے

راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 11 وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) میں دنیا کے نمبر ون  بولر بن گئے ہیں۔
یہ اعزاز انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ابو ظبی میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد حاصل ہوا جس میں افغانستان نے 0-3 سے فتح حاصل کی تھی۔
راشد خان اس سے قبل نومبر 2024 میں بھی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کا ایوریج ریٹ 6.09 اور اکانومی ریٹ 2.73 رہا۔
اس شاندار کارکردگی نے راشد خان کو چھٹے درجے سے پہلے نمبر تک پہنچایا۔ اب ان کے ریٹنگ پوائنٹس 710 ہیں جو جنوبی افریقہ کے کیشَو مہاراج سے 30 زیادہ ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شاندار بیٹنگ کے باعث ’مین آف دی سیریز‘ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے افغانستان کے بیٹر ابراہیم زدران نے تین اننگز میں 213 رنز بنائے اور اپنی درجہ بندی میں آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
یہ کسی بھی افغان بلے باز کی جانب سے اب تک کی بہترین پوزیشن ہے۔
وہ انڈیا کے شبمن گل سے صرف 20 پوائنٹس پیچھے اور روہت شرما سے آٹھ پوائنٹس آگے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے زمبابوے کے سکندر رضا سے پہلی پوزیشن واپس حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں میں سات وکٹیں حاصل کیں اور 60 رنز بھی بنائے۔ وہ اس سے قبل سنہ 2024 میں فروری سے اگست تک نمبر ون آل راؤنڈر رہ چکے ہیں۔

شیئر: