سعودی عرب کی پاکستان میں پولیس وین پر حملے کی مذمت
بم دھماکے اور فائرنگ سے پانچ پولیس اہلکار مارے گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان کے شمال مغرب میں پاکستانی پولیس پر حملے اور پانچ اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔
پولیس وین پر بم دھماکے اور فائرنگ سے پانچ پولیس اہلکار مارے گئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری پاکستانی طالبان نے قبول کی۔
وزارت نے بیان میں کہا’ مملکت تمام دہشت گرد اور انتہاپسند کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد، پاکستان، اس کے برادرعوام کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کی مذمت کرتی ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق بیان میں متاثرین کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اورعوام کے ساتھ اس تکلیف دہ نقصان پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں منگل کی صبح معمول کے گشت کے دوران شدت پسندوں نے گرگری دام بانڈہ کے مقام پر پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔
’گاڑی میں سوار پانچ اہلکار اچانک فائرنگ سے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ شدید فائرنگ سے پولیس موبائل وین کو آگ لگی جو مکمل طور پر جل گئی۔‘
