Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹ ڈکٹ کی ’نشے کی دھت‘ وائرل ویڈیو: انگلش کرکٹ بورڈ تحقیقات کرے گا

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ایک ایسی ویڈیو کی تصدیق کر رہا جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، اس ویڈیو میں انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ کو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں دکھایا گیا ہے، جہاں وہ ٹیم ہوٹل واپس جانے میں مشکلات کا شکار نظر آتے ہیں۔ 
یہ واقعہ ایشز سیریز کے دوران دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان انگلش ٹیم کے مختصر قیام کے دوران آسٹریلیا کے ساحلی قصبے نوسا میں پیش آیا۔
یہ ویڈیو منگل کے روز ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سامنے آئی، جس کے چند گھنٹے بعد انگلینڈ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے تصدیق کی کہ نوسا کے دورے سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔ یہ دورہ برسبین میں آٹھ وکٹوں سے شکست کے بعد ہوا تھا، جس کے نتیجے میں آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں میں 2-0 سے کی برتری حاصل  ہو گئی تھی۔
ای سی بی کے مطابق نوسا میں چار دن کا یہ قیام کسی قسم کی تعطیلات نہیں تھیں بلکہ اسے ایک سال قبل ہی ہیڈ کوچ برینڈن مکلم نے طے کیا تھا، جن کا خیال تھا کہ یہ وقفہ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم کرے گا۔ اس دوران کوئی باقاعدہ تربیتی سیشن مقرر نہیں تھا اور کئی کھلاڑیوں نے اس وقت کو آرام کے لیے استعمال کیا۔
انگلینڈ نے اس وقفے کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں دورے کی بہترین کارکردگی پیش کی، تاہم انہیں 82 رنز سے شکست ہوئی جس کے نتیجے میں آسٹریلیا نے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کر کے محض 11 دنوں میں ایشز  سیریز اپنے نام کر لی۔ 
میلبرن میں چوتھے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روب کی نے کہا کہ وہ نوسا کے دورے کا جائزہ لیں گے، تاہم ان کے بقول کھلاڑیوں کا رویہ مجموعی طور پر ’انتہائی ذمہ دارانہ‘ رہا ہے۔
ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مواد سے آگاہ ہیں۔ ہم کھلاڑیوں کے رویے سے متعلق بلند توقعات رکھتے ہیں، تاہم یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ وہ شدید نگرانی اور دباؤ کا سامنا کرتے ہیں۔ اگر کسی کا طرز عمل توقعات سے کم ہو تو ہمارے پاس واضح طریقۂ کار موجود ہے، اور ضرورت پڑنے پر ہم کھلاڑیوں کی معاونت بھی کرتے ہیں۔ حقائق سامنے آنے تک اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ اپنی کارکردگی کے اعتبار سے بین ڈکٹ اس ایشز سیریز میں مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ وہ اب تک صرف 97 رنز بنا سکے ہیں اور اوسط 16.16 رہی ہے۔ اس سیریز میں ان کا بہترین سکور صرف 29 رنز  رہا ہے ۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈکٹ کسی ایشز دورے میں تنازع کا شکار ہوئے ہوں۔ 2017-18 کی ایشز کے دوران، جب وہ انگلینڈ لائینز سکواڈ کا حصہ تھے انہیں پرتھ کے ایک بار میں جیمز اینڈرسن پر مشروب انڈیلنے کے واقعے پر جرمانے اور معطلی کے بعد وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔

شیئر: