Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت، 12 پارٹیوں نے بولیاں جمع کروا دیں

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل 11 کے 11 میچز کی میزبانی اس بار فیصل آباد بھی کرے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے جاری کیے گئے ٹینڈر کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’مقررہ تاریخ کے اندر 12 پارٹیوں نے باضابطہ طور پر بولیاں جمع کروا دیں۔ بولی جمع کرانے والے دنیا کے پانچ براعظموں سے تعلق رکھتے ہیں جن میں امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان شامل ہیں، جو پی ایس ایل کی عالمی مقبولیت اور کشش کا واضح ثبوت ہے۔‘
پی سی بی کے مطابق بولی کے اس مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں تکنیکی طور پر کامیاب بولی دہندگان کو کھلی بولی کے ذریعے دو نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ مرحلہ آٹھ جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس عمل کو شفاف، مسابقتی اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ پاکستان سپر لیگ کی مزید توسیع اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 14 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو ہو گا جبکہ فائنل تین مئی کو کھیلا جائے گا۔
ان کے مطابق ’11 میچز کی میزبانی اس بار فیصل آباد بھی کرے گا۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل 11 شائقین کے لیے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہو گا۔

 

شیئر: