Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا یوٹیوبر ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم، ویڈیوز اپلوڈ کرنے کی مشروط اجازت

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک مقامی عدالت نے مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان (ڈکی بھائی) کے منجمد کیے گئے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کو ضلع کچہری لاہور میں ڈکی بھائی، اُن کی اہلیہ اور دیگر ملزمان کے خلاف جوئے کی ایپ کی مبینہ پروموشن کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے سماعت کی۔
یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کے وکلا نے عدالت میں استدعا کی کہ بینک اکاؤنٹس بحال کیے جائیں۔
وکیل امرت شیخ اور عثمان لطیف ایڈووکیٹ کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ڈکی بھائی کے فریزر بنک اکاؤنٹس کو بحال کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالت نے ڈکی بھائی کو یوٹیوب چینل پر ویڈیو اپلوڈ کرنے کی مشروط اجازت بھی دی اور کہا کہ وہ عدالت میں زیر التوا کیس سے متعلق اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو نہیں کریں گے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کہا کہ ’آپ کے چینل پر 27 ویڈیوز ایسی ہیں جن پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو اعتراض ہے، اُن ویڈیوز کو ڈیلیٹ نہیں کریں گے۔‘
عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرنے کے لیے نوٹس بھی جاری کیے۔
عدالت میں این سی سی آئی اے کے ایک ٹیکنیکل گواہ پیش ہوئے تاہم پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
ڈکی بھائی کے وکلا نے احاطہ عدالت میں اپنے موکل کے دس ملین (ایک کروڑ) فالوورز ہونے پر ڈکی بھائی کو شیلڈ پیش کی۔
این سی سی آئی اے نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔

 

شیئر: