سعودی عرب میں ڈیزل اور گیس سیلنڈر کے نئے نرخ، پٹرول کی سابقہ قیمتیں برقرار
جمعرات 1 جنوری 2026 18:10
اس سے قبل ڈیزل 1.66 ریال فی لٹر فروخت کیا جا رہا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی پٹرولیم کمپنی ’آرامکو‘ نے ڈیزل کی نئی قیمت 1.79 ریال مقرر کی ہے، اس پر یکم جنوری 2026 سے عملدرآمد کیا گیا ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 7.8 فیصد اضافہ کیا گیا، اس سے قبل ڈیزل 1.66 ریال فی لٹر فروخت کیا جا رہا تھا۔
پٹرول 95 کی سابقہ قیمت برقرار ہے، جو 2.33 ریال فی لٹر میں دستیاب ہے جبکہ پٹرول 91 بھی سابقہ قمیت 2.18 ریال فی لٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
مملکت میں کیروسین آئل کے نرخ 1.59 ریال فی لٹر مقرر ہیں۔
واضح رہے سعودی آرامکو ہر سال کے آغاز پر ڈیزل کی قیمتوں کا سالانہ جائزہ لیتی ہے۔ 2022 میں سالانہ جائزہ میکنزم متعارف کرائے جانے کے بعد یہ پانچویں نظرثانی ہے۔
اس اضافے کے باوجود سعودی عرب میں ڈیزل کی قیمتیں ہمسایہ عرب ملکوں کے مقابلے میں کم ہیں۔
مملکت بھر میں گیس سیلنڈر( ایل پی جی ) کے یکساں نرخ

علاوہ ازیں سعودی نیشنل گس اینڈ انڈسٹریلائزیشن کمپنی(غازکو) نے مملکت بھر میں گیس سیلنڈر کی قیمتیں یکساں کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گھریلو گیس سیلنڈر( ایل پی جی) کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے کیا گیا ہے۔
گیارہ کلو گرام گیس سیلنڈر کی قیمت 26.23 ریال جبکہ پانچ کلو گرام کے سیلنڈر کی قیمت 11.93 ریال ہوگی۔
سینٹرل گیس ٹینک کے لیے فلینگ ٹیرف 1.1770 فی لٹر مقرر ہے۔ تمام قیمتوں میں ٹرانسپورٹیشن کے اخرجات اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس ( واٹ) شامل ہیں۔
