Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکی مروت: نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار جان سے گئے

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بنوں لکی سڑک پر پیش آیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے تین اہلکار جان سے گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کو بنوں لکی سڑک پر پیش آیا جہاں ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
حملے میں مارے جانے والوں میں سرائے نورنگ کے ٹریفک پولیس انچارج جلال، سپاہی عزیز اور سپاہی عبداللہ شامل ہیں۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکس) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ملک میں سنہ 2025 کے دوران شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں میں 73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہلاکتوں کی اس تعداد میں شدت پسند، سکیورٹی فورسز اور شہری بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2025 میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین ہزار 387 رہی، جو سنہ 2024 میں 1950 تھی۔ ان میں 21 سو سے زائد شدت پسند، 664 سکیورٹی اہلکار، 580 شہری اور حکومت نواز امن کمیٹیوں کے 28 ارکان شامل ہیں۔

شیئر: