سعودی غیرمنافع بخش تنظیموں کےلیے ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح
مرکز نے 109 ممالک میں 4 ہزار سے زیادہ امدادی منصوبوں پر کام کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی اور ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے سعودی غیرمنافع بخش تنظیموں کے نئے ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح کیا۔
ریا ض میں مرکز کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں غیرمنافع بخش تنظیموں کے نمائندے اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے اعلی عہدیداران بھی موجود تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے شاہ سلمان مرکز کی نمایاں خدمات کا ذکر کیا اور بتایا’ مرکز کی جانب سے 109 ممالک میں 4 ہزار سے زیادہ امدادی منصوبوں پر کام کیا جن پر 8 ارب 276 ملین ڈالر کی لاگت آئی۔‘
انہوں نے مزید کہا’ دسیوں ممالک میں 1200 سے زیادہ فلاحی ورضاکارانہ منصوبے مکمل کیے جن پر آنے والی لاگت 147 ملین ڈالر تھی۔‘
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا تھا’ شاہ سلمان امدادی مرکز میں آج ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے، قومی این جی اوز کو اس پلیٹ فارم میں شامل ہونے کی دعوت دی کجا رہی ہے،ابتدائی مرحلے میں 50 مقامی غیرمنافع بخش تنظیمیں اس چھتری کے نیچے عظیم مقصد میں شامل ہیں۔‘
بعدازاں فلاحی تنظیم ’عنایہ‘ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سلمان بن عبداللہ المطیری نے دیگر تنظیموں کی نیابت کرتے ہوئے مملکت کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

مملکت کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر خدمات کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت کی عظیم خدمت قرار دیا۔
انہوں نے شاہ سلمان مرکز کے نگران اعلی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر فلامی کاموں میں تعاون پر مقامی تنظیموں کی بھی ستائش کی۔
تقریب کے اختتام سے قبل مقامی فلاحی تنظیموں کی سرگرمیوں کے حوالے سے دستاویزی فلم کی نمائش بھی کی گئی۔
