ماحولیاتی تحفظ : مملکت کے لیے’عرب ماحولیاتی ایکسی لینس‘ ایوارڈ
ایوارڈ عرب ممالک کے وزرائے ماحولیات کی کونسل کے 37 ویں اجلاس میں دیا گیا(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی گرین انیشیٹیو کے تحت ماحولیاتی تحفظ، نباتاتی رقبے کے فروغ اور پائیداری کے لیے کی جانے والی مثالی کوششوں کے اعتراف میں مملکت کو’عرب ماحولیاتی ایکسی لینس‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کو یہ ایوارڈ ’زمین کی بحالی کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے‘ کے حوالے سے جاری کیے گئے نمایاں ماحولیاتی منصوبے پر دیا گیا۔
ایوارڈ عرب ممالک کے وزرائے ماحولیات کی کونسل کے 37 ویں اجلاس کے اختتام پر قائرہ میں عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔
قومی شجری کاری پروگرام کے ڈپٹی سی ای او انجینئراحمد ملاش العنزی نے کونسل کے حالیہ چیئرمین اور یمنی وزیر آب و ماحولیات انجینئرتوفیق عبدالواحد الشرجبی و عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل و اقتصادی امور کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر علی بن ابراہیم المالکی سے ایوارڈ وصول کیا۔
خیال رہے ہر دو برس بعد ہونے والے اس ایوارڈ کے پانچ بڑے شعبے میں جن میں سرکاری، سول اور نجی شعبوں میں ماحولیاتی امتیاز، ماحولیاتی سائنسی تخلیق و جدت اور مشترکہ عرب ماحولیاتی اقدامات شامل ہیں۔