مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں کی اسلامی قبرستان میں توڑ پھوڑ
اسرائیل کی ’نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی‘ اس علاقے میں ایک ’بائبل ٹریل‘ (مذہبی راستہ) بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں نے ایک اسلامی قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی اور توڑ پھوڑ کی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے ’وفا‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا اور شرپسندوں نے متعدد کتبوں کو تباہ کر دیا اور کئی دیگر قبروں کو شدید نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ سنہ 2021 سے اب تک بیت المقدس کی قدیم مشرقی اور جنوبی دیواروں کے قریب واقع کئی اسلامی قبرستانوں کو شرپسندوں کی جانب سے یا اسرائیلی حکام کی کھدائی کے کاموں کی وجہ سے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
ان حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ الاصفیہ اور باب الرحمہ کے قبرستان بنے ہیں۔ مسجدِ اقصیٰ کی مشرقی دیوار کے ساتھ واقع باب الرحمہ قبرستان میں گزشتہ سال بھی دو مختلف مواقع پر قبروں کے کتبوں کی توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
اسرائیل کی ’نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی‘ اس علاقے میں ایک ’بائبل ٹریل‘ (مذہبی راستہ) بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں ایسے پارکس شامل ہوں گے جو سلوان، البستان، وادی الحلوہ اور بطن الہویٰ کے محلوں تک پھیلے ہوئے ہوں گے جہاں بائبل کے موضوع پر مبنی ’سٹی آف ڈیوڈ‘ (داؤد کا شہر) تیار کیا جا رہا ہے۔
