Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلٰی منتخب، اپوزیشن کا اجلاس سے بائیکاٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے اگلے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔
اپوزیشن ارکان نے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کے عمل کا بائیکاٹ کیا تاہم سپیکر نے نئے انتخاب کا عمل شروع کر دیا۔
نئے قائد ایوان کے لیے اجلاس آج صبح 10 بجے بلایا گیا تھا جس میں نئے وزیراعلٰی کا انتخاب ہوا۔
قبل ازیں مستعفی ہونے والے وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے حکم پر اسی دن استعفیٰ دے دیا تھا۔
ان کے مطابق ’بحیثیت وزیراعلٰی جو کچھ کیا وہ ریکارڈ پر ہے، ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب وہ وزیراعلٰی بنے تو اس وقت خزانہ خالی تھا اور آج اس میں 280 روپے موجود ہیں۔
علی امین گنڈا پور کے بقول ’ہماری جدوجہد عمران خان کے لیے ہیں کیونکہ وہ اس قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں۔‘
خیال رہے آٹھ اکتوبر کو علی امین گنڈا پور نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ وہ اپنے پارٹی کے قائد عمران خان کے احکامات کے احترام میں وزیراعلٰی کے عہدے سے استعفیٰ پیش کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
اسی روز ہی پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے سہیل آفریدی کو نئے وزیراعلٰی کے لیے نامزد کیا ہے۔
دوسری جانب وزارت اعلیٰ کے لیے دیگر پارٹیوں سے بھی تین امیدوار سامنے آئے تھے جن میں سہیل آفریدی کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، مسلم لیگ ن کے سردار جہان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمان شامل تھے۔

شیئر: