Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فضائی حدود انڈین طیاروں کے لیے بدستور بند، پابندی 24 فروری تک بڑھا دی گئی

پاکستانی فضائی حدود  رجسٹرڈ انڈین طیاروں کے لیے بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے اعلامیے کے مطابق انڈین طیاروں پر عائد پابندی میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے 24 فروری صبح 5 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
پی اے اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق انڈین ایئرلائنز کے زیرِ ملکیت، زیرِ انتظام یا لیز پر لیے گئے تمام طیاروں پر ہوگا، جن میں انڈیا کی فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔
پابندی کے دوران کوئی بھی انڈین رجسٹرڈ طیارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکے گا۔
خیال رہے پاکستان  اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے باعث پھچلے سال اپریل میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو انڈین طیاروں کے لیے بند کی تھی جس میں تواتر سے توسیع کی جاتی رہی ہے۔
دوسری جانب انڈیا نے بھی جوابی طور پر پاکستانی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھی جو کہ اب تک جاری ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے پہلے 100 سے زائد انڈین پروازیں روزانہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں۔
فضائی ماہرین کے مطابق اس پابندی کے باعث انڈین ایئرلائنز کو یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے طویل متبادل راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس سے پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔

شیئر: