چینی خلابازوں کے ساتھ پہلی بار چوہے بھی خلا میں جائیں گے
چینی خلابازوں کے ساتھ پہلی بار چوہے بھی خلا میں جائیں گے
جمعرات 30 اکتوبر 2025 15:33
چین کے شینژو-21 خلائی مشن میں تین خلابازوں کے ساتھ ساتھ خلائی سٹیشن پر پہلی بار کئی چوہے بھی بھیجے جائیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب چین کسی ممالیہ جانور کو خلا میں بھیجے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے جمعرات کو بتایا کہ شینژو-21 خلائی جہاز کو جمعے کی رات مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا۔
خلاباز ژانگ ہونگ ژانگ نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ چار چوہوں کا ایک گروپ بھی ہوگا جو خلا میں سائنسی تجربات کا حصہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ چوہے خلائی سٹیشن میں موجود ہوں گے۔ ہم یہ تجربہ کریں گے کہ آیا چوہے خلا میں معمول کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں یا نہیں، تاکہ مستقبل کے خلائی حیاتیاتی تجربات کی بنیاد رکھی جا سکے۔ ممالیہ جانوروں کے ساتھ پہلا قدم یہ ہے کہ ہم دیکھیں کہ کیا ہم انہیں مدار میں پال سکتے ہیں، اور اگر ایسا ممکن ہوا تو ہم ان کی افزائش نسل پر بھی تحقیق کریں گے۔ فی الحال ہم ابتدائی مرحلے میں ہیں۔‘
مشن کمانڈر ژانگ لو نے کہا کہ ’ایک پچھلے مشن میں زیبرا فش کو خلائی سٹیشن لے جایا گیا تھا، لیکن مچھلیوں اور ممالیہ جانوروں میں نمایاں فرق ہوتا ہے۔ کم از کم، مچھلیاں اتنی متحرک نہیں ہوتیں، اس لیے ان کے ساتھ تعامل کم ہوتا ہے۔ اس بار، ممالیہ جانوروں کو پے لوڈ میں شامل کرنا واقعی ایک دلچسپ پیش رفت ہے۔ سائنسدان اس سے مفید ڈیٹا حاصل کر سکیں گے۔‘
سی ایم ایس اے کے مطابق یہ خاص طور پر منتخب کیے گئے دو نر اور دو مادہ ’خلائی چوہے‘ شینژو-21 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی سٹیشن لے جائے جائیں گے اور وہیں پالے جائیں گے۔
زمین پر واپسی کے بعد ان چوہوں پر مزید سائنسی تحقیق کی جائے گی (فوٹو: روئٹرز)
ان چوہوں کو مشن سے پہلے سخت تربیت دی گئی ہے تاکہ ان کی جسمانی فٹنس، چکر نہ آنے کی صلاحیت، ذہنی مضبوطی اور ذہانت کو یقینی بنایا جا سکے، تاکہ وہ خلا میں زندہ رہ سکیں۔
زمین پر واپسی کے بعد ان چوہوں پر مزید سائنسی تحقیق کی جائے گی تاکہ خلا کے ماحول میں رہنے کے بعد ان کے جسمانی اعضا اور بافتوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور دباؤ کے ردعمل کا مطالعہ کیا جا سکے۔