Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آکسفورڈ میں مفت تعلیم، لڑکیوں کے لیے ’ملالہ یوسفزئی سکالرشپس‘ کا اعلان

ملالہ نے امید ظاہر کی کہ بڑی تعداد میں طالبات درخواستیں دیں گی۔ تصویر: اے ایف پی
نوبیل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کے حق تعلیم کے لیے کام کرنے والی پاکستانی خاتون ملالہ یوسفزئی کے نام پر سکالرشپ کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام آکسفورڈ پاکستان کے اشتراک سے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے لیے درخواستیں دینے کا اعلان ملالہ یوسفزئی نے خود کیا۔
ملالہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے یہ ذمہ داری محسوس کی کہ وہ ان لڑکیوں کی مدد کریں جو تعلیم کے حصول کے حوالے سے جدوجہد کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’یہ اقدام پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز یا اس سے اعلیٰ ڈگری حاصل کرنے کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کرے گا۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سکالرشپ کا مقصد اُن پاکستانی خواتین کی معاونت کرنا ہے جو آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کر کے اپنی تعلیم کے ذریعے وطن واپس آ کر مثبت تبدیلی لانا چاہتی ہیں۔
ملالہ نے کہا ’میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کی ہر لڑکی اپنے خواب کی تکمیل کر سکے اور اپنے لیے مستقبل کا انتخاب خود کرتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے آگے بڑھے۔‘
انہوں نے اہل امیدواروں کو آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دینے کی ہدایت کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس بات پر شکر گزار ہیں کہ انہیں آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنی ڈگری مکمل کرنے کا موقع ملا، خاص طور پر اُس وقت کے بعد جب 11 سال کی عمر میں اُن کے علاقے میں سکولوں کو بند کیا گیا اور انہیں تعلیم کے حق سے محروم کر دیا گیا تھا۔
ملالہ نے کہا کہ وہ پاکستانی لڑکیوں کی صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ تعلیم کے ذریعے اپن کیریئر بنا سکتی ہیں اور معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔
’میں چاہتی ہوں کہ ہر پاکستانی لڑکی اپنے خواب کی طرف بڑھے اور تعلیم مکمل کرے۔‘ 
اس سکالرشپ کے ذریعے اہل امیدواروں کی مالی معاونت کی جائے گی اور آکسفورڈ میں تعلیم کے دوران تمام اخراجات اٹھائے جائیں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی بڑی تعداد میں طالبات درخواستیں دیں گی اور وہ مستقبل کی سکالرز کو خوش آمدید کہنے کی منتظر ہیں۔

شیئر: