فلائٹ آپریشن کا تیسرا مرحلہ، ریاض ایئر قاہرہ کے لیے اڑان بھرنے کو تیار
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے بین الاقوامی روٹس پر فلائٹ آپریشن کے تیسرے مرحلے کے لیے مصر کو منتخب کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
ٹریول انڈیکس کے مطابق ریاض اور قاہرہ کے مابین مسافروں کی تعداد 2.7 ملین کے قریب ہے جو اس روٹ کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔
ریاض ایئر کی جانب سے دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ایئرپورٹس کا انتخاب ایک اہم سٹریٹیجک اقدام ہے جس کا مقصد مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات اور جدید ترین ڈریم لائنر طیاروں میں اعلیٰ معیار کا سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
قبل ازیں ریاض ایئر نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے تیاریوں کا آغاز لندن اور دبئی سے کیا تھا، جو ملازمین اور منتخب مہمانوں تک محدود تھا۔
ریاض ایئر کے سی ای او ٹونی ڈگلس کا کہنا ہے کہ ’قاہرہ کو لندن اور دبئی کے بعد تیسرے سٹیشن کے طور پر منتخب کرنا ایک اہم اقدام ہے۔‘

ریاض ایئر اپنے بین الاقوامی پروازوں کے لیے بوئنگ 787-9 طیارے استعمال کر رہی ہے، جسے ’جمیلہ‘ (خوبصورت) کا نام دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ریاض ایئر کو اپنے دوسرے فلیگ شپ کیریئر کے طور پر متعارف کرانا وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق ہے، تاکہ یہ اقدام مملکت کی تیزی سے عالمی سیاحتی مقام میں بدلتی صورتحال کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔
توقع ہے کہ ریاض ایئر مملکت کی نان آئل جی ڈی پی میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ کرے گی اور دو لاکھ سے زیادہ براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
فضائی کمپنی ریاض ایئر سنہ 2030 تک دنیا کے 100 مقامات تک اپنا دائرہ وسیع کرے گی۔
