ریاض ایئر کے بوئنگ طیارے کی امریکہ میں پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل
ریاض ایئر نے بوئنگ787 ڈریم لائنر کی پہلی آزمائشی پرواز بی ون فلائٹ کے ساتھ بوئنگ کمپنی سے اپنے پہلے طیارے کی فراہمی کےعمل میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا۔
ایس پی اے کے مطابق بوئنگ کے معیاری سرٹیفیکیشن اور کوالٹی انشورنس پروسیجر کے تحت طیارہ جنوبی کیرولائنا کے علاقے چارلسٹن میں بوئنگ کی فیکڑی سے روانہ ہوا۔ بوئنگ کے ٹیسٹ پائلٹ نے آزمائشی پرواز مکمل کی۔
بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کا ریاض ایئر کے بیڑے میں شامل ہونا ایئرلائن کی کامیابی کی جانب اہم قدم ہے جو آپریشنل تیاری کے حوالے سے مسلسل پیش رفت کی عکاس ہے۔
واضح رہے کمپنی نے قبل ازیں اطلاع دی تھی کہ ریاض ایئرکے لیے تیار کیے جانے والے تین طیارے 787 ڈریم لائنر بوئنگ فیکٹری کے پروڈکشن یونٹ سے نکل گئے ہیں جو فائنل ٹچنگ اور مونوگرافی کے مرحلے میں داخل ہو گئے۔
اس سے قبل ریاض ایئر نے اتوار کو ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ تک پہلی مسافر پرواز کی کامیابی سے تکمیل کی تھی۔
ریاض ایئر بوئنگ 9-787 طیارے استعمال کرے گی جسے ’جمیلہ‘ (خوبصورت) کا نام دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے ریاض ایئر کو اپنے دوسرے فلیگ شپ کیریئر کے طور پر متعارف کرانا وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق مملکت کی تیزی سے عالمی سیاحتی مقام میں تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔
توقع ہے ریاض ایئر مملکت کی نان آئل جی ڈی پی میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ کرے گی اور دو لاکھ سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کی توقع ہے۔
فضائی کمپنی ریاض ایئر سنہ 2030 تک دنیا کے 100 مقامات تک اپنا دائرہ وسیع کرے گی۔
