Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں نماز عید کے بڑے اجتماعات، روایتی جوش و جذبہ اور قدیم روایات

بچے نماز عید کے بعد کھجوریں اور ٹافیاں لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
عید الفطر جو رمضان المبارک کے اختتام کی علامت اور اسلامی کیلنڈر کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ہے، جمعے کو مملکت بھر میں منائی جا رہی ہے۔
 مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ سمت مملکت کے تمام شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ لاکھوں افراد نے ایمان، سلامتی، سکون اور خوشی کے ماحول میں نماز ادا کی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ جبکہ وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں فوجی اورسویلین اہلکاروں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔
بعد ازاں وزیر دفاع نے وزارت کے سینیئر حکام کے ساتھ وڈیو کانفرنس اجلاس کیا، جس میں قومی استحکام کے تحفظ اور ایرانی جارحیت کے خلاف وطن عزیز کے دفاع میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا گیا۔ 
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے وزارت کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے ملکی استحکام  برقرار رکھنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
 دارالحکومت ریاض، جدہ، دمام اور دیگر چھوٹ بڑے شہروں میں عید الفطر کی روایتی جوش و جذبے سے منائی گئی۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جدہ کے تمام علاقوں میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
نماز فجر کے بعد سے ہی لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید کی نماز ادا کرنے کے لیے علاقے کی جامع مسجد اورعیدگاہ میں پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔
ہرعلاقے کی جامع مسجد میں نماز عید کے اجتماع کے لیے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ مسجد میں خواتین کے لیے نماز کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔

قدیم روایت پر عمل کرتے ہوئے بچے اور بچیاں نماز عید کے بعد کھجوریں اور ٹافیاں لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔
بچوں میں عیدی دینے اور تحائف تقسیم کرنے کا رواج بھی عام ہے، مختلف محلوں میں بچے نماز عید کے بعد ٹولیوں کی صورت میں جمع ہو کر پڑوسیوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں اورعزیز و اقارب سے عیدی وصول کرتے ہیں۔

 

شیئر: