پاکستانی ہنرمند ورکرز جرمنی میں ملازمت کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
پاکستانی ہنرمند ورکرز جرمنی میں ملازمت کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
اتوار 22 مارچ 2026 7:56
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
پاکستان سمیت کئی ممالک کے تعلیم یافتہ افراد کے لیے جرمنی میں ملازمت کے مواقع پیدا ہوئے ہیں (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
یورپ کی سب سے بڑی معیشتوں میں شمار ہونے والا ملک جرمنی اس وقت مختلف شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی کا سامنا کر رہا ہے۔ صنعتی پیداوار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت کے شعبے، تعمیرات اور تکنیکی پیشوں میں کارکنوں کی ضرورت بڑھنے کے بعد جرمن حکومت نے بیرون ملک سے سکلڈ ورکرز کو اپنے ہاں آنے اور کام کرنے کی سہولت دینے کے لیے امیگریشن قوانین میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔
ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افراد کے لیے جرمنی میں ملازمت کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
پاکستان کے بیورو آف امیگریشن کے مطابق جرمنی میں نوکری حاصل کرنے کے لیے ایک باقاعدہ اور مرحلہ وار عمل سے گزرنا پڑتا ہے جس میں تعلیمی اسناد کی تصدیق سے لے کر ویزا اور رہائشی اجازت نامے تک کئی مراحل شامل ہیں۔
بیورو آف امیگریشن نے اس حوالے سے پاکستانی سکلڈ ورکرز کے لیے تفصیلی گائیڈ لائنز تیار کی ہیں جن میں ملازمت تلاش کرنے سے لے کر اس کے حصول اور جرمنی میں رہائش سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ ان گائیڈ لائنز میں نہ صرف متعلقہ قوانین سے آگاہ کیا گیا ہے بلکہ متعلقہ اداروں سے متعلق بھی معلومات دی گئی ہیں۔
جرمنی میں سکلڈ ورکر کے طور پر کام کرنے کے لیے سب سے پہلا مرحلہ یہ ہوتا ہے کہ امیدوار کی تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت جرمنی کے معیار کے مطابق تسلیم شدہ ہو۔ اس مقصد کے لیے جرمنی میں غیر ملکی ڈگریوں اور فنی اسناد کا تقابلی جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ امیدوار کی تعلیم یا تربیت جرمن معیار سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں۔ اگر کسی پاکستانی امیدوار کے پاس یونیورسٹی کی ڈگری یا کسی فنی ادارے کا ڈپلومہ موجود ہو اور وہ جرمنی کے معیار کے مطابق ہو تو اسے سکلڈ ورکر کے طور پر تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ بعض پیشوں میں اضافی لائسنس یا رجسٹریشن کی بھی ضرورت پڑتی ہے، جیسے ڈاکٹر، نرس یا انجینئر کے شعبے شامل ہیں۔
اس مرحلے کے بعد سب سے اہم قدم جرمنی میں کسی کمپنی یا ادارے سے باقاعدہ ملازمت کی پیشکش حاصل کرنا ہوتا ہے جسے عام طور پر جاب آفر یا ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ کہا جاتا ہے۔ پاکستانی امیدوار یہ جاب آفر حاصل کرنے کے لیے مختلف آن لائن روزگار پلیٹ فارمز، جرمن کمپنیوں کی ویب سائٹس یا بین الاقوامی بھرتی اداروں کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
بعض اوقات جرمن کمپنیاں خود بھی بیرون ملک سے ہنر مند کارکنوں کی تلاش کرتی ہیں اور منتخب امیدواروں کو براہ راست ملازمت کی پیشکش کر دیتی ہیں۔ اگر کسی امیدوار کو جرمنی سے باقاعدہ ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ مل جائے تو اس کے بعد وہ ورک ویزا کے لیے درخواست دینے کا اہل ہو جاتا ہے۔
ویزے کے حصول کے لیے پاکستان میں درخواست عام طور پر جرمن سفارت خانے کے ذریعے دی جاتی ہے۔ درخواست گزار کو اپنی تمام ضروری دستاویزات تیار کرکے سفارت خانے میں جمع کروانا ہوتی ہیں۔ ان دستاویزات میں پاسپورٹ، جاب آفر یا ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ، تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ تجربے کے ثبوت، ویزا ایپلیکیشن فارم اور بعض صورتوں میں زبان کی مہارت کا سرٹیفکیٹ بھی شامل ہوتا ہے۔ ویزا ایپلیکیشن جمع کرواتے وقت امیدوار سے قریباً 75 یورو فیس وصول کی جاتی ہے۔
ویزا درخواست جمع ہونے کے بعد اس کی جانچ پڑتال جرمنی کے متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جاتی ہے۔ اس عمل میں ایک اہم ادارہ فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی بھی شامل ہوتا ہے جو اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ پیش کی گئی ملازمت کی شرائط جرمن قوانین اور لیبر مارکیٹ کے معیار کے مطابق ہیں یا نہیں۔ اگر اس ادارے کی منظوری مل جائے اور دستاویزات درست ہوں تو سفارت خانہ امیدوار کو ورک ویزا جاری کر دیتا ہے۔
ویزے کے حصول کے لیے پاکستان میں درخواست عام طور پر جرمن سفارت خانے کے ذریعے دی جاتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
ورک ویزا ملنے کے بعد امیدوار جرمنی کا سفر کر سکتا ہے تاہم جرمنی میں داخل ہونے سے پہلے اس کے پاس ہیلتھ انشورنس ہونا ضروری ہوتا ہے۔ جرمنی پہنچنے کے بعد سب سے پہلا کام یہ ہوتا ہے کہ نیا آنے والا شخص اپنے رہائشی پتے کا اندراج مقامی رجسٹریشن دفتر میں کرائے۔ اس عمل کو عام طور پر ایڈریس رجسٹریشن کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد اسے مقامی امیگریشن دفتر یعنی جرمن فارنرز اتھارٹی سے باقاعدہ ریذیڈنس پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ یہی ریذیڈنس پرمٹ اس بات کی قانونی اجازت دیتا ہے کہ غیر ملکی شہری جرمنی میں طویل مدت تک رہ کر ملازمت کر سکے۔
ماہرین کے مطابق جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے جرمن زبان سیکھنا بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اگرچہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یا بعض بین الاقوامی کمپنیوں میں انگریزی زبان پر بھی کام چل جاتا ہے، لیکن زیادہ تر پیشوں میں جرمن زبان جاننے والے امیدواروں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اسی طرح جرمن معیار کے مطابق سی وی اور کور لیٹر تیار کرنا، درست دستاویزات فراہم کرنا اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دینا بھی کامیابی کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔
ماہرین امیگریشن کا کہنا ہے کہ جرمنی میں عمر رسیدہ آبادی میں اضافہ اور صنعتوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے باعث آئندہ برسوں میں بیرون ملک سے سکلڈ ورکرز کی طلب مزید بڑھ سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جرمن حکومت نے امیگریشن کے قوانین کو نسبتاً آسان بنا کر ہنر مند افراد کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اگر پاکستانی نوجوان مناسب تعلیم، فنی مہارت اور درست رہنمائی کے ساتھ اس عمل کو سمجھ کر آگے بڑھیں تو جرمنی میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کرنا ان کے لیے ممکن ہو سکتا ہے۔