ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی: ترجمان مسلح افواج
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’معرکۂ حق‘ میں پاکستان کی مسلح افواج نے اللہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔
جمعرات کو معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان فضائیہ اور بحریہ کے سینیئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی توقعات پر پورا اتریں اور دشمن کے خلاف بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ ایسے وقت میں پیش آیا جب خطے میں کشیدگی عروج پر تھی اور پاکستان کو سکیورٹی کے سنگین چیلنجز کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق افواج پاکستان نے مربوط حکمت عملی، بروقت فیصلوں اور تینوں مسلح افواج کے باہمی تعاون کے ذریعے صورتحال کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، البتہ یہ الگ بات ہے کہ انڈیا اسے تسلیم نہیں کرتا۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق انڈیا نے دنیا کے سامنے یہ بیانیہ بنانے کی کوشش کی کہ پاکستان دہشتگردی میں ملوث ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انڈیا خود دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور عالمی برادری اب نئی دہلی کے ’من گھڑت بیانیے‘ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے اس واقعے پر اٹھائے گئے سوالات آج بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد نے واقعے کے بعد متعدد اہم نکات اور تحفظات سامنے رکھے تھے، جن کا تاحال جواب نہیں دیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قوم کی حمایت، جوانوں کے حوصلے اور قیادت کے عزم نے اس معرکے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ خبر اپڈیٹ کی جا رہی ہے