’المناک نقصان‘ دوحہ ہیلی کاپٹر حادثے میں اموات پر سعودی عرب کی تعزیت
حادثے میں چار قطری فوجی اور ایک فوجی سمیت تین ترک ہلاک ہوئے( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن نے اتوار کو قطر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں اموات پر قطر اور ترکیہ کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں فنی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کے حادثے پر متاثرین کے اہل خانہ، قطر اور ترکیہ کی حکومتوں اورعوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
بیان میں سعودی عرب کی جانب سے المناک حادثے کے متاثرہ خاندانوں، قطر اور ترکیہ کی حکومتوں اورعوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے قطر نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ اس کی سمندری حدود میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس کے چار فوجی اور ایک فوجی سمیت تین ترک شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
خلیجی ریاست کی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بیان میں متاثرہ خاندانوں، قطر اور ترکیہ کی حکومتوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک المناک نقصان قرار دیا۔
اردن نے بھی قطر اور ترکیہ کے ساتھ یکجہتی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
