پاکستان میں ہائی آکٹین 200 روپے فی لیٹر مہنگا، ’غریبوں کو ریلیف ملے گا‘
ہائی آکٹین پرتعیش گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے پرتعیش گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین ایندھن کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کی صبح ایوان وزیراعظم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیصلہ موجودہ حالات میں ملک میں توانائی کی صورت حال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے سے کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ متمول طبقے کے زیراستعمال گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین پر اس وقت لیوی 100 روپے ہے جس میں 200 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب سے اس ایندھن پر 300 روپے فی لیٹر لیوی کا اطلاق ہو گا۔
بیان کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری پر ہو گا جس کے بعد ہائی اوکٹین کی قیمت 333 روپے 88 پیسے بڑھ کر 533 روپے 88 پیسے فی لیٹر ہو گی۔
ہائی آکٹین کے حوالے سے انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق یہ ایک ہائی کوالٹی کا پیٹرول ہوتا ہے جو انجن میں پریشر کو زیادہ طریقے سے برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے انجن اور پوری گاڑی کی کارکردگی بہتر رہتی ہے۔ یہ زیادہ کمپریشن ریشو والے انجنوں جو کہ لگژری سپورٹس کارز وغیرہ میں اسستعمال ہوتا ہے اور اس کی قیمت عام پیٹرول سے زیادہ ہوتی ہے۔
خیال رہے اس وقت ایران جنگ کے باعث خطے ہی نہیں دنیا بھر میں ذرائع توانائی کے حوالے سے بحرانی کیفیت پائی جاتی ہے۔
28 فروری کو امریکہ و اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد سے مسلسل جنگ جاری ہے، جس میں ایران خلیجی ممالک میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنا رہا ہے جب کہ اس کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بھی بند کیا گیا ہے جو عالمی سطح پر ہونے والی تیل کی تجارت کے لیے بہت اہم گزرگاہ ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں تیل کا بحران سر اٹھا چکا ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان بھی اس صورت حال سے متاثر ہوا ہے اور چند روز پیشتر حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جبکہ ساتھ ہی کفایت شعاری کے حوالے سے پروگرام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں ہفتے میں تین روز کی چھٹی اور گھر سے آن لائن کام کی سہولت دی گئی ہے اور ان اقدامات کا مقصد توانائی پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
بیان میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے اس اقدام سے حکومت کو ماہانہ نو ارب روپے کی بچت ہو گی اور اس میں سے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔