Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبیا میں فوجی طیارہ حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، درجنوں زخمی

کولمبیا کا ایک فوجی طیارہ، جس میں 125 فوجی اہلکار اور عملہ سوار تھا، پیر کی صبح ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 66 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سی-130 ہرکیولیس طیارہ جنوبی سرحدی علاقے پورٹو لیگوزامو سے روانگی کے فوراً بعد گر گیا، جو ایکواڈور اور پیرو کے قریب واقع ہے، اور اس کا جلتا ہوا ملبہ جنگل میں بکھر گیا۔
ایک فوجی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ 58 فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ فضائیہ کے چھ اہلکار اور دو پولیس افسر بھی جان سے گئے۔
یہ تازہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے جب مقامی حکومت کے سیکریٹری کارلوس کلاروس نے آر سی این ٹی وی کو بتایا کہ ابتدائی طور پر 33 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تھی، جبکہ زخمیوں کے علاج اور منتقلی کی کوششیں جاری تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
جہاں یہ طیارہ گرا، وہ سرحدی علاقہ حالیہ ہفتوں میں شدید فوجی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے، جہاں کولمبیا اور ایکواڈور کی افواج منشیات سمگل کرنے والے کارٹلز اور مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی تھیں۔
اے ایف پی کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگ طیارے کے ٹوٹے ہوئے پچھلے حصے، جس پر FAC 1016 درج تھا، کے قریب جمع تھے جبکہ درختوں کے اوپر دھواں اور شعلے بلند ہو رہے تھے۔
وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے ابھی وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ملک کے لیے نہایت دردناک واقعہ ہے۔ ہماری دعائیں کچھ نہ کچھ تسلی کا باعث بنیں۔‘
جنرل کارلوس فرنینڈو سلوا روئیڈا کے مطابق طیارے میں 114 فوجی اور 11 عملے کے ارکان سوار تھے، جو پورٹو لیگوزامو سے قریبی ایمیزون چوکی کی جانب جا رہے تھے۔
جون گیبریل مولینا، جو پوٹومایو خطے کے گورنر ہیں، نے ایک فیس بک ویڈیو میں بتایا کہ ہوائی اڈہ چھوٹا ہے اور لاشوں اور زخمیوں کے انخلا میں کئی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

شیئر: