حدودِ شمالیہ میں عیدالفطر کی تقریبات کے دوران ’الدحہ‘ رقص نمایاں
حدود الشمالیہ ریجن میں عید الفطر کی تقریبات میں علاقائی لوک رقص ’الدحہ‘ کی پرفارمنس نے لوگوں کی بڑی تعداد کو محسور کیا۔
ایس پی اے کے مطابق عرعر شہر کے سوشل سینٹر میں میونسپلٹی کے تحت ہونے والی تقریب میں معروف لوک پرفارمنس کے ساتھ العرضہ رقص، میجک شوز، ڈانس پرفارمنس اور میوزیکل پروگرام شامل تھے۔
علاقائی ثقافتی فنون کے یہ شوز وزٹرز میں غیر معمولی طور پر مقبول ہو رہے ہیں۔ فنکاروں کی ٹیمیں ’الدحہ‘ لوک رقص پیش کرتے ہوئے وزٹرز کا پُرتپاک خیرمقدم کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ ’الدحہ‘ ایک قدیم لوک فن ہے جس میں جوش و جذبے اور اجتماعی تال کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔
عہدِ رفتہ میں ’الدحہ‘ روایتی طور پر جنگوں کے دوران دشمنوں کے دلوں پر رعب طاری کرنے یا اپنی فتح کا جشن منانے کے لیے پیش کیا جاتا تھا۔
فنکاروں کے گروپ میں شامل افراد آمنے سامنے قطاروں میں کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں بلند آواز سے ترانے پڑھتے ہیں جبکہ ان کے درمیان ایک شاعر موجود ہوتا ہے۔ شرکاء شاعر کے پڑھے ہوئے اشعار کو دہراتے ہیں۔
’شمال العز‘ تھیٹر پروگرام میں حدود الشمالیہ ریجن کی ثقافت کو نمایاں کیا گیا جبکہ میوزیکل پروگرام بھی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
بچوں کے لیے ’گڈز ولیج ‘ اور بڑوں کے لیے ’چیلنجنگ ولیج‘ بنائے گئے ہیں جہاں مختلف تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فوڈ کورٹ کے علاوہ شاپنگ کارنر بھی موجود ہے۔

علاوہ ازیں ’اوبریت العز‘ تھیٹر پرفارمنس کو بھی بھرپور پذیرائی ملی، اوبریت میں خطے کی قدیم تاریخ کی جھلکیاں اور ان اقدار کو نمایاں کیا گیا جن میں سخاوت اور بہادری شامل ہیں جو علاقے کی پہچان رہی ہیں۔
اوبریت کا آغاز ’بوابہ القوافل والجذور التاریخیہ‘ (قافلوں کا دروازہ اور تاریخ کی جڑیں) کے عنوان سے ہوا۔اس میں علاقے کے ماضی کے اس کردار کو اجاگر کیا گیا جب یہ حجاج اور تاجروں کے قافلوں کی اہم گزرگاہ رہا تھا۔
تھیٹر پرفارمنس میں ایک معمر شخص اور نوجوان کے درمیان مکالمہ دکھایا گیا جس میں ان قافلوں کی تاریخ بیان کی گئی جو علاقے سے گزرتے تھے، ساتھ ہی یہاں کی مہمان نوازی اور حسن استقبال کو بھی بیان کیا گیا۔

تاریخی ٹریل ’درب زبیدہ‘ کاحوالہ بھی دیا گیا جس کا شمار پرانے زمانے میں حج کے اہم ترین راستوں میں ہوتا تھا۔
’اوبریت العز‘ کی پیشکش عید الفطر کی تقریبات کا حصہ تھی جس کا مقصد ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو اپنے تاریح ورثے سے جوڑنا ہے۔