Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، کئی اضلاع کو گیس کی فراہمی معطل

کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے مین گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا، جس سے کئی اضلاع کو گیس کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
پولیس کے مطابق، 18 انچ قطر کی بڑی گیس پائپ لائن میں پیر کی شام کو کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس کے قریب اچانک دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ قریب واقع مغربی بائی پاس پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پا لیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق، پائپ لائن کو تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں والو اسمبلی کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جس پر بعد ازاں قابو پا لیا گیا۔
کمپنی کے مطابق، پائپ لائن اور اسمبلی والو کو نقصان پہنچنے کے باعث مستونگ، قلات، پشین، کچلاک، زیارت اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں، بالخصوص ہزارہ ٹاؤن، ہزارگنجی، خروٹ آباد، پشتون باغ، خیزی اور نوحصار کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
گیس کی فراہمی کی بندش کی وجہ سے صارفین، بالخصوص خواتین، کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔ مرمتی کام 31 مارچ کی صبح سے شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں بھی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کیا گیا تھا۔

شیئر: