سعودی پروجیکٹ نے یمن میں ایک ہزار 737 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو کلیئر کیا
اب تک 5 لاکھ 51 ہزار 189 بارودی سرنگوں کو تلف کیا جا چکا ہے۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ کے ارکان نے گزشتہ ہفتے یمن کے مختلف علاقوں سے مزید ایک ہزار 737 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ہٹایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان میں ایک ہزار 732 پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس اور پانچ اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں شامل ہیں۔
مارب، عدن، الجوف، شبوہ، تعز، الحدیدہ، لحج، صنعا، البیضا، الضالع اور صعدہ میں بارودی سرنگیں ہٹانے کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں بچھایا گیا تھا جو عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ بن رہا تھا۔
مسام کے منیجنگ ڈائریکٹر اسامہ القصبی نے بتایا’ 2018 میں پروجیکٹ کے آغاز کے بعد سے اب تک 5 لاکھ 51 ہزار189 بارودی سرنگوں کو تلف کیا جا چکا ہے۔‘
پروجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں۔ انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جاسکے۔

مسام پروجیکٹ کے تحت باردوی سرنگیں صاف کرنے والے مقامی انجینیئروں کی تربیت کی جاتی ہے اور انھیں جدید آلات فراہم کیے جاتے ہیں، دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے زخمی ہونے والے یمنیوں کی مدد بھی کی جاتی ہے۔
