فجیرہ میں غیرملکی ہلاک، کویت ایئرپورٹ پر حملے میں فیول ٹینکس میں آگ
امارات نے 5 بیلسٹک میزائل اور 35 ڈرونز کو کامیابی سے روک لیا۔( فوٹو:عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات فجیرہ کے علاقے الرفاع میں بدھ کو ایک فارم پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک بنگلہ دیشی ہلاک ہو گیا۔
فجیرہ میڈیا آفس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کو راستے میں روک لیا، تاہم اس کا ملبہ زمین پر گرنے کے باعث جانی نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ امارات کا علاقہ فجیرہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔
کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، فیول ٹینکس میں ’بڑی آگ‘ لگ گئی۔
ایران او اس کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کی جانب سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
کویت نیوز ایجنسی کے مطابق حملے میں کویت ایوی ایشن فیولنگ کمپنی کے فیول ٹینکس کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، جس سے مالی نقصان ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
علاوہ ازیں امارات کے فضائی دفاعی نظام نے بدھ یکم اپریل کو ایران کی جانب سے داغے گئے 5 بیلسٹک میزائل اور 35 ڈرونز کو کامیابی سے روک لیا۔
وزارت دفاع کے اعداد وشمار میں بتایا گیا ’حملوں کے آغاز سے اب تک 438 بیلسٹک میزائل، 19 کروز میزائل اور 2 ہزار سے زیادہ ڈرونز حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔‘
’ان حملوں کے دوران دو اماراتی فوجی جبکہ مسلح افواج کے ساتھ کام کرنے والا ایک مراکشی شہری جان سے گئے، مجموعی طور پر 188 افراد زخمی ہوئے۔‘
اس کے علاوہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 9 افراد بھی ہلاک ہوئے، جن میں پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی، فلسطینی اور انڈین شہری شامل ہیں۔
