Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں کا خرچہ اور سکول بس کی سہولت، چین میں کتے کے ’کنڈرگارٹن‘ کے چرچے

اس انوکھے سکول کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کتوں کو نہ صرف تربیت دی جاتی ہے (فوٹو: ایم ایس این)
چین کے شہر شنگھائی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ان دنوں سوشل میڈیا پر اپنی ایک انوکھی اور مہنگی ترین پسند کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
دی سٹریٹ ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق تاؤ تاؤ نامی اس خاتون نے اپنے چھ ماہ کے سیموئیڈ نسل کے کتے کو ایک مخصوص ’ڈاگ کنڈرگارٹن‘ میں داخل کرایا ہے۔
خاتون نے اس کے لیے 12 ہزار یوآن (قریباً پانچ لاکھ پاکستانی روپے کے برابر) کی خطیر رقم بھی ادا کی ہے۔
اس انوکھے سکول کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کتوں کو نہ صرف تربیت دی جاتی ہے بلکہ ان کے لیے باقاعدہ غیر نصابی سرگرمیاں بھی منعقد ہوتی ہیں،
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ کتے کو لانے اور لے جانے کے لیے سکول کی اپنی ایک مخصوص بس بھی موجود ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ملازمت میں بے حد مصروف رہتی ہیں اور ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ اپنے پالتو جانور کو باہر لے جا سکیں یا اسے وقت دے سکیں، اسی لیے انہوں نے اس مہنگی سروس کا انتخاب کیا۔
اس لاکھوں روپے کے پیکیج میں کتے کی شخصیت اور مزاج کا معائنہ، بھونکنے یا جارحانہ رویے کو کنٹرول کرنے کی تربیت، دوسرے کتوں کے ساتھ گھل مل کر رہنے کے طریقے اور روزانہ گھر سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت شامل ہے۔
اس کے علاوہ مالکان اپنے موبائل فون پر لائیو ٹریکنگ کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں کہ ان کا پالتو جانور اس وقت سکول میں کیا کر رہا ہے۔

پالتو جانوروں کی مارکیٹ حالیہ برسوں میں 300 بلین یوآن سے تجاوز کر گئی ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

شنگھائی جیسے بڑے شہروں میں پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کا یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے کیونکہ اب لوگ جانوروں کو محض پالتو نہیں بلکہ خاندان کا ایک فرد سمجھنے لگے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چین میں پالتو جانوروں کی مارکیٹ حالیہ برسوں میں 300 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی ہے جس کی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آمدنی اور مصروف طرزِ زندگی ہے۔

شیئر: