Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شردھا کپور وکی کوشل کے ساتھ کس نئی فلم میں نظر آئیں گی؟

شردھا کپور کے ’ستری تھری‘ میں بھی واپسی کی توقع ہے (فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
انڈیا کی مشہور اداکارہ شردھا کپور کے بارے میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہ وکی کوشل کی آنے والی فلم ’مہاوتار‘ میں مرکزی کردار کے لیے زیر غور ہیں۔
’بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق‘ ایک سال قبل ’چھاوا‘ میں شاندار اداکاری کے بعد وکی کوشل نے ناظرین کو خوب متاثر کیا تھا جس کے بعد مداح ان کے اگلے منصوبے کے منتظر ہیں۔
ان کی آنے والی فلم ’مہاوتار‘ میڈاک فلمز کے ساتھ ان کا تیسرا اشتراک ہے، تاہم فلم کے لیے ابھی تک مرکزی اداکارہ کا انتخاب نہیں ہو سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شردھا کپور سے اس کردار کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شردھا کپور اس کردار کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتی ہیں کیونکہ وہ نہ صرف سٹار پاور رکھتی ہیں بلکہ ان کی سکرین پریزنس بھی مضبوط ہے۔ اگر یہ جوڑی بنتی ہے تو وکی کوشل اور شردھا کپور پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے، جو ناظرین کے لیے ایک نئی اور دلچسپ جوڑی ہوگی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر معاملات طے پا گئے تو ہدایتکار امر کوشک جون کے بعد فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ’مہاوتار‘ کو میڈاک فلمز کے اب تک کے سب سے بڑے منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی ایک بڑی اداکارہ کا نام اس فلم کے ساتھ جوڑا جا چکا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں رپورٹس آئی تھیں کہ دیپیکا پاڈوکون کو بھی اس کردار کے لیے زیر غور لایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ٹیم ایسی اداکارہ کی تلاش میں ہے جو کردار میں گہرائی اور جذباتی وزن لا سکے۔
اگر شردھا کپور اس فلم کا حصہ بنتی ہیں تو یہ ان کا میڈاک فلمز کے ساتھ ایک اور اہم پراجیکٹ ہوگا۔ وہ پہلے ہی پروڈکشن ہاؤس کی مقبول ’ستری‘ فرنچائز کا اہم چہرہ ہیں اور جلد ہی نئی فلم ’ایتھا‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
یہ فلم شردھا کپور اور وکی کوشل کا پہلا مشترکہ پراجیکٹ ہو سکتا ہے، جبکہ شردھا کپور کے ’ستری تھری‘ میں بھی واپسی کی توقع ہے۔ تاہم ’مہاوتار‘ کی کاسٹنگ کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

شیئر: