Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داؤد ابراہیم کی ڈرگ پارٹیوں میں نورا فتحی سمیت فلمی شخصیات کی شرکت، بالی وڈ کا نیا سکینڈل کیا ہے؟

انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی مبینہ ڈرگ پارٹیوں کی تحقیقات کے دوران بالی وڈ کی مشہور شخصیات نورا فتحی اور شردھا کپور سمیت کئی دیگر اداکاروں کے نام سامنے آئے ہیں۔
انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ممبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس سیل نے داؤد ابراہیم سے منسلک ایک مبینہ ڈرگ سنڈیکیٹ کا ذکر کیا ہے جسے سلیم ڈولا چلاتا تھا۔ 
اس کیس میں اُن کے بیٹے طاہر ڈولا کے بیانات کے بعد شردھا کپور، نورا فتحی، سدھارتھ کپور اور بالی وڈ کی دیگر معروف شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران سلیم ڈالا نے بتایا کہ وہ ملک اور بیرون ملک ڈرگ پارٹیاں منعقد کرتا تھا جس میں  داؤد ابراہیم کی بھانجی علیشاہ پارکر کے علاوہ فیشن اور فلمی شخصیات بھی شریک ہوتی تھیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ سارا نیٹ ورک بیرون ملک سے سلیم ڈولا چلاتا تھا، اُن کے بیٹے طاہر ڈولا کو اگست میں بیرون ملک سے انڈیا واپس لایا گیا تھا۔
طاہر ڈولا نے مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ بالی وڈ اداکاروں، ماڈلز، ریپرز، فلم سازوں اور یہاں تک کہ داؤد ابراہیم کے رشتہ دار بھی اُن کی پارٹیوں میں شرکت کیا کرتے تھے۔
بالی وڈ میں سامنے آںے والے اس نئے تنازعے پر سب سے پہلے نورا فتحی کا بیان سامنے آیا ہے۔ 
انسٹاگرام پر انہوں نے لکھا کہ ’میں پارٹیوں میں نہیں جاتی بلکہ مسلسل سفر میں رہتی ہوں۔ مجھے اپنے شعبے میں بہت زیادہ کام کرنا ہوتا ہے۔‘
’میری ذاتی زندگی نہیں ہے۔ میں اپنے آپ کو ایسے لوگوں کے ساتھ نہیں جوڑتی اور تعطیلات کے دوران دبئی کے ساحل پر یا اپنے ہائی سکول کے دوستوں کے ساتھ گھر پر وقت گزارتی ہوں۔‘
نورا فتحی کہتی ہیں کہ ’میں اپنے دن اور راتیں اپنے خوابوں اور اہداف کے حصول کے لیے صرف کرتی ہوں۔ ایسا جو کچھ بھی شائع ہوتا ہے وہ اور جو آپ پڑھتے ہیں اس پر یقین نہ کریں۔‘
اپنے بیان میں بالی وڈ کی معروف فنکارہ کا بھی کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ میرا نام ایک آسان ہدف بن گیا ہے لیکن میں اس مرتبہ ایسا نہیں ہونے دوں گی۔‘
’ایسا اس سے قبل بھی ہو چکا ہے، آپ لوگوں نے جھوٹ بول کر مجھے تباہ کرنے کی کوشش کی،  میں خاموشی سے دیکھتی رہی کہ ہر کسی نے میری ساکھ کو خراب کرنے کی بھرپور کوشش کی۔‘
نورا فتحی نے لکھا کہ ’لوگوں نے میرا نام استعمال کر کے اپنا ذاتی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی اور میرا نام ایسے افراد کے ساتھ جوڑا گیا جن کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ‘
واضح رہے کہ نورا فتحی کا یہ ردِعمل ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیس کے ریمانڈ کی کاپی میں دیگر شخصیات کے ساتھ اُن کا نام بھی موجود ہے۔

شیئر: