Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کنگ فہد گرینڈ مسجد‘ روحانیت اور انجینئرنگ کے خوبصورت ڈیزائن کا حسین امتزاج

یہ مسجد ایک کمپلکس میں واقع ہے، جس کا  رقبہ 35 ہزار مربع میٹر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کی کمشنری عیون الجواء کے مرکزی علاقے میں واقع کنگ فہد گرینڈ مسجد ایک نمایاں مذہبی اور فن تعمیرکا لینڈ مارک ہے، جو روحانیت اور انجینئرنگ کے خوبصورت ڈیزائن کا حسین امتزاج ہے۔
 مسجد کے شعبہ سماجی خدمت کے نگران اعلی خالد بن سلیمان الوشمی نے ایس پی اے کو بتایا ’یہ مسجد دینی، ثقافتی اور سماجی امور کے مرکز کا درجہ اختیار کرچکی ہے، مقامی اداروں اور تنظیموں کے تعاون سے مختلف فلاحی اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔‘
 مسجد کا منفرد محل وقوع اور طرز تعمیر اسے ایک نمایاں مقام بھی بناتا ہے جو اسلامی شناخت کے فروغ اور معاشرتی اقدار کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
یہ مسجد ایک کمپلکس میں واقع ہے، جس کا مجموعی رقبہ 35 ہزار مربع میٹر ہے جبکہ مسجد 8 ہزار مربع میٹر پر قائم ہے۔ اس کا ڈیزائن مسجد نبوی سے متاثر ہے،جو اس کی محرابوں، گنبدوں اور باریک نقش و نگار میں نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔
مسجد کے دو میناروں کی اونچائی 80 میٹر ہے، جو دور سے واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں، جبکہ جدید صوتی نظام مسجد کے اندرونی و بیرونی صحنوں میں موجود ہے۔

جامع مسجد میں بیک وقت 6 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے، اسے علاقے کی بڑی مساجد میں شمار کیا جاتا ہے۔
مسجد میں تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ایک وسیع و عریض کتب خانہ بھی موجود ہے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات موجود ہیں، قرآنی تعلیم اور ہفتہ وار دروں و دعوتی نشستوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔

جامع مسجد کے کمپلیکس میں کمرشل شاپس دکانیں بھی ہیں، جن کے ذریعے مسجد کے انتظامی و مالی امور میں معاونت ملتی ہے۔ ایک سماجی و ثقافتی ہال بھی قائم کیا گیا ہے۔
 جامع مسجد شاہ فہد ایک ایسی عملی مثال ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے مساجد محض عبادت کےلیے ہی نہیں بلکہ تعلیم و تربیت اور سماجی خدمت کا بھی مرکز ہوتی ہیں، جو اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے اور معاشرتی اقدار کو مستحکم بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

 

شیئر: