Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تخلیقی صلاحیتوں کی تجدید‘ العلا میں ’ورلڈ آرٹ ڈے‘ منایا گیا

العلا کا رائل کمیشن فن کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
العلا میں بدھ کو ’ورلڈ آرٹ ڈے‘ منایا گیا، جہاں فن کی ایسی تحریکوں میں اضافہ ہو رہا ہے جنھوں نے تخلیق کے لیے عالمی پلیٹ فارم پر العلا کی حیثیت مضبوط بنا دی ہے اور اِسے ہم عصر فن کے تبادلے اور تخلیق کے مرکز میں بدل دیا ہے۔
العلا کا رائل کمیشن فن کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے، جس کے لیے خصوصی پروگرام تیار کیے جا رہے ہیں جو فنکاروں کو بااختیار بناتے ہیں اور ایک ایسے ماحول کو تیار کرتے ہیں جو مقامی اور عالمی سطحوں پر فنی تخلیق اور علمی تبادلے کے لیے مہمیز کا کام کرتا ہے۔
العلا کا آرٹس فیسٹیول، فن کی ایسی ہی ایک سالانہ تقریب ہے جو اِس طرح کے دیگر ایونٹس میں سب سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔
یہ تقریب ہر برس معاصر فنی نمائشوں، فن سے متعلق آؤٹ ڈور قائم کیے گئے سٹالوں، لائیو پرفارمنسز، انٹرایکٹیو ورکشاپس اور فکری مباحثوں کے ذریعے تخلیقی منظرنامے کی تشکیل کرتی ہے۔

’ڈیزرٹ ایکس العلا‘ آرٹس کے عالمی منصوبوں میں سب سے نمایاں ہے جہاں یہ فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے۔
یہاں صحرائی ماحول، موجودہ زمانے کے فن پاروں کے لیے ایک کھلے پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور ایسے منفرد تجربے کو سامنے لاتا ہے جو فنی تخلیق اور فطرت کو باہم ملا دیتا ہے۔

مدرسۃ الدیرہ، العلا میں آرٹس اور ڈیزائن کا پہلا مرکز ہے جو لڑکیوں کے ایک سکول سے شروع ہوا اور زبردست تبدیلی کے بعد روشنی کا ایسا تخلیقی منارہ بن چکا ہے جس کا واحد مقصد، جدید وژن کے ذریعے روایتی مہارتوں اور ہنر کی بحالی اور ترقی ہے۔
اس منصوبے کے تحت، تربیتی پروگراموں اور ورکشاپس کے ذریعے روایتی ہنر کے مُستند ہونے کو محفوظ بنانا ہے تاکہ ہنر مند افراد اور فنکاروں کو بااختیار بنایا جا سکے اور وہ جدید طریقوں سے ثقافتی میراث کو لوگوں کے سامنے پیش کر سکیں۔

آج العلا، ایک بین الاقوامی منزل کے طور پر ترقی کر رہا ہے اور ایک آفاقی انسانی قدر کے طور فنی تخلیق کی خوشی منا رہا ہے، جو موجودہ زمانے کے فنی مناظر کو تشکیل دے رہی ہے اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی ثقافتی سٹیج پر مملکت کی موجودگی میں اضافہ کرنے کا موجب ہے۔

 

شیئر: