جرمن ماڈل کی تصویر لائک کرنے پر وراٹ کوہلی کے خلاف ہنگامہ، لِزلیز کا ’اظہارِ افسوس‘
ہفتہ 18 اپریل 2026 16:53
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وراٹ کوہلی نے لِز لاز کی ایک انسٹاگرام پوسٹ کو لائک کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جرمن انفلوئنسر اور موسیقار لِز لاز نے انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی سے جڑے حالیہ سوشل میڈیا تنازع پر حیرت اور ہمدردی دونوں کا اظہار کیا ہے۔
یہ معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب مداحوں نے دیکھا کہ وراٹ کوہلی نے لِز لاز کی ایک انسٹاگرام پوسٹ کو لائک کیا ہے۔
بظاہر ایک سادہ سا لائک دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ صورتحال اُس وقت مزید دلچسپ ہو گئی جب کوہلی نے بعد میں یہ لائک ہٹا دیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں اور بحث مزید بڑھ گئی۔
ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں لِز لاز نے بتایا کہ وہ خود بھی اس تمام صورتحال سے بے خبر تھیں اور انہیں اس بارے میں میڈیا کے ذریعے پتہ چلا۔ ان کے مطابق ’میں صبح اٹھی تو دیکھا کہ ہر جگہ میری خبریں چل رہی ہیں، لوگوں نے مختلف پلیٹ فارمز کی لنکس اور پیغامات مجھے بھیجنا شروع کر دیے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اس توجہ پر خوش تھیں، لیکن وراٹ کوہلی کے لیے انہیں تھوڑا برا بھی محسوس ہوا۔ ’میں خوش تھی کہ انہوں نے میری پوسٹ لائک کی، لیکن جب انہوں نے اسے ہٹا دیا تو یہ ایک بڑا ایشو بن گیا، جو شاید ان کا ارادہ نہیں تھا۔ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ لوگ اس چھوٹی سی چیز کو اتنی بڑی خبر کیسے بنا دیتے ہیں۔‘
لِز لاز نے مزید بتایا کہ انہیں کرکٹ میں دلچسپی گزشتہ سال بھارت کے دورے کے دوران ہوئی، جہاں وہ کافی عرصہ قیام پذیر رہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ’رائل چیلنجرز بنگلور‘ کی مداح بنتی جا رہی تھیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ وراٹ کوہلی کسی سوشل میڈیا سرگرمی کی وجہ سے خبروں میں آئے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ انفلوئنسر اوینیٹ کور کی پوسٹ لائک کرنے پر تنقید کا سامنا کر چکے ہیں، جس پر انہوں نے وضاحت دی تھی کہ یہ ایک الگورتھم کا مسئلہ تھا۔ تاہم اس بار انہوں نے تاحال اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا۔
دوسری جانب معروف انڈین اداکارہ امیشا پٹیل نے اس معاملے پر ردعمل دی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’لائک کرنا کیا کوئی گناہ ہے؟ ان کی زندگی ہے، ان کا انسٹاگرام ہے، ان کی مرضی ہے۔ لوگوں کو بس ٹرول کرنا ہی آتا ہے، اور کوئی کام دھندا نہیں ہے۔ کسی کے اچھے کام کو پسند کرنا اچھی بات ہے۔ ٹرول کرنا گناہ ہے، کسی کو لائک کرنا نہیں۔‘
