Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کا ایرانی وزیرخارجہ سے رابطہ، خطے میں امن کے لیے مذاکرات پر زور

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ڈائیلاگ ناگزیر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر اور پاکستانی وزیراعظم کے درمیان بھی آج ایک اہم ٹیلیفونک رابطے پر اتفاق کیا گیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔
پاکستان اور ایران نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مسائل کے جلد حل اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

شیئر: