Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرونز اور بم خریدنے میں معاونت کا الزام، امریکہ میں ایرانی نژاد کاروباری خاتون گرفتار

شمیم مافی ایک ایرانی نژاد کاروباری شخصیت ہیں جو امریکہ میں قانونی طور پر مقیم تھیں (فوٹو: ایکس)
ایرانی نژاد امریکی کاروباری خاتون شمیم مافی کو ایرانی حکومت کو اسلحے کی خریداری میں معاونت فراہم کرنے کے الزام میں امریکہ کے لاس اینجلس ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی اخبار ’نیویارک پوسٹ‘ کے مطابق 44 سالہ خاتون کو لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ بیرونِ ملک سفر کے لیے موجود تھیں۔
یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے تنازعے کو ختم کروانے کے لیے پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا دوسرا دور متوقع ہے۔
امریکی حکام کے مطابق شمیم مافی پر الزام ہے کہ وہ ایران کی جانب سے ڈرونز، بم، بم فیوز اور لاکھوں گولیوں کی خرید و فروخت کے معاہدوں میں سہولت فراہم کر رہی تھیں، جنہیں سوڈان بھیجا جانا تھا۔
یہ مقدمہ امریکی اٹارنی کے دفتر برائے وسطی ضلع کیلیفورنیا کی جانب سے درج کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ نے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلحے کی ترسیل میں کردار ادا کیا۔

شمیم مافی کون ہیں؟

شمیم مافی ایک ایرانی نژاد کاروباری شخصیت ہیں جو امریکہ میں قانونی طور پر مقیم تھیں۔ انہوں نے سنہ2016 میں امریکی گرین کارڈ حاصل کیا اور کیلیفورنیا کے علاقے ووڈلینڈ ہلز میں رہائش پذیر تھیں۔
رپورٹس کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک تھیں اور اپنی پرتعیش طرزِ زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتی رہتی تھیں۔
ان تصاویر میں دنیا بھر کے سفر اور مہنگی گاڑیوں کے ساتھ ان کی موجودگی نمایاں تھی، جن میں ایک قیمتی مرسڈیز بینز روڈسٹر بھی شامل تھی۔

الزامات کی نوعیت کیا ہے؟

حکام کا کہنا ہے کہ شمیم مافی نے ایران میں تیار ہونے والے فوجی سازوسامان، جن میں ڈرونز، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود شامل ہے، کو سوڈان منتقل کرنے کے لیے مبینہ طور پر سودے طے کروائے۔
ان پر امریکی قانون کے تحت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، اور اگر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

آئندہ قانونی کارروائی

شمیم مافی کو جلد امریکی ضلعی عدالت برائے وسطی ضلع کیلیفورنیا، لاس اینجلس میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع ہوگی۔ تاہم امریکی قانون کے مطابق جب تک عدالت جرم ثابت نہ کرے، ملزمہ کو بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔

شیئر: