Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف ریجن: ڈیموں کا سیلابی خطرے سے تحفظ میں اہم کردار

ریجن کے مختلف شہروں اور کمشنریوں میں ڈیموں کی تعداد 12 ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
الجوف ریجن کے ڈیم سیلابی خطرے سے تحفظ اور زیر زمین پانی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ریجن کے مختلف شہروں اور کمشنریوں میں موجود ڈیموں کی تعداد 12 ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق الجوف ریجن کی کمشنری سکاکا میں چار جبکہ القریات، سدین اورطبرجل میں چھ ڈیم موجود ہیں۔
الجوف ریجن میں گزشتہ بارشوں کے بعد سکاکا کے الشویحطیہ ڈیم میں 63 ہزار مکعب میٹر سے زائد جبکہ زلوم ڈیم میں 33 ہزار اور المریر ڈیم میں 74 ہزار مکعب میٹر سے زیادہ پانی ذخیرہ کیا گیا۔
ڈیمز کے آپریشن اور مینٹیننس کے ڈائریکٹر انجینئرعبداللطیف الحویطی کا کہنا تھا ’ وادی المریر ڈیم کا شمار الجوف ریجن کے جدید ترین ڈیموں میں ہوتا ہے جس کی تعمیر 1441 سال ہجری میں مکمل ہوئی۔‘
یہ ڈیم سیلاب سے تحفظ او پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، جو سکاکا شہر کے قریب ہی واقع ہے،  ڈیم کی اونچائی 14 میٹر اور لمبائی 153 میٹر ہے جبکہ اس میں پانی کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش 11 لاکھ 94 ہزار 257 مکعب میٹر ہے۔

انجینئرعبداللطیف الحویطی کا مزید کہنا تھا’ مارچ کے وسط میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں مختلف ڈیموں میں سیلابی پانی داخل ہوا جن میں المریرڈیم شامل ہے۔‘
یہ ڈیم مکمل طور پر فعال اور محفوظ حالت میں ہے، جبکہ متعلقہ ادارہ اس کی مکمل نگرانی کرتا ہے تاکہ مستقل بنیادوں پر ڈیموں کی کارکردگی اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔

 

شیئر: