کنواں المرصوص: مکہ میں تجارتی کاروانوں اور زائرین کے قافلوں کا اہم پڑاؤ
مکہ کے رابغ گورنریٹ کے القضیمہ نامی قریے میں ایک کنواں ہے جسے المرصوص کہتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق القضیمہ کے قریے میں واقع المرصوص کنواں ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو کسی زمانے میں پانی کا بنیادی ذریعہ ہوا کرتا تھا۔
دور دراز سے آنے والے تجارتی کاروانوں اور زائرین کے قافلوں کے لیے مملکت کے مغربی ساحل کے قریب واقع یہ کنواں ایک سٹریٹیجک سٹاپ کا کام بھی دیتا تھا۔
اس کنوئیں کی تعمیر مضبوط پتھروں سے کی گئی تھی جس سے اُس زمانے کی انجینیئرنگ کی مہارت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ کنواں بنانے والوں نے بڑی عرق ریزی کے ساتھ منتخب کیے ہوئے پتھروں کو ایک دوسرے میں اِس عمدگی سے پیوست کیا تاکہ اِس کی پائیداری تا دیر برقرار رہے اور کم وسائل وسائل کے باوجود اِس آبی ذخیرے کو ایسے محفوظ رکھا جائے کہ آنے والی نسلیں کنوئیں کے پانی سے سیراب ہوتی رہیں۔
تاریخی طور پر المرصوص نامی یہ کنواں قدیم راستوں پر چلنے والوں قافلوں کے لیے آرام کرنے کا ایک مقام تھا۔ اِس سے علاقائی طور پر معاشی سرگرمیوں کو تعاون حاصل ہوتا تھا اور سماجی زندگی کو فروغ ملتا تھا۔
ایک ایسے ماحول میں جہاں پانی کم یاب تھا، اِس طرح کا کنواں بنانے سے کمیونٹی کے باہمی تعلق میں تقویت کا اثر نمایاں ہوا اور ساتھ ساتھ زراعت کو بھی فائدہ پہنچا۔

آج یہ کنواں مملکت کی میراث کی ایک اہم سائٹ کے طور پر اپنی جگہ پر واقع ہے اور اِس میں یہ امکانی صلاحیت موجود ہے کہ اگر مزید کام کیا جائے تو المصوص نامی کنواں رابغ گورنریٹ میں ثقافتی سیاحت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔