’ننھا مہمان آنے والا ہے‘، دیپکا اور رنویر سنگھ کی خوشخبری پر فینز کی مبارک بادیں
بالی وڈ کے معروف جوڑے رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون کے ہاں دوسرا نیا مہمان آنے کو ہے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق میاں بیوی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ خوشخبری فینز تک پہنچائی اور اس میں ان کی بیٹی بھی دکھائی دے رہی ہے۔
اگرچہ پوسٹ میں خوشخبری سنا دی گئی ہے تاہم ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا کہ بچے کی آمد کب تک متوقع ہے۔
یہ پوسٹ سامنے آنے کی دیر تھی کہ فینز نے جوڑے کو مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع کر دیا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جاتا رہا۔
اسی طرح کچھ صارفین ایسی قیاس آرائیاں بھی کرتے رہے کہ اس بار لڑکا ہو گا یا لڑکی، اسی طرح متوقع ناموں کے حوالے سے بحث چلی اور کچھ فینز یہ خیال بھی ظاہر کرتے رہے کہ آنے والے کی شکل ماں باپ میں سے کس کی طرح ہو تو وہ زیادہ کامیاب رہ سکتا یا سکتی ہے۔
خیال رہے دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ دونوں ہی اس وقت بالی وڈ کی صف اول میں ہیں، دونوں نے اب تک کئی یادگار فلمیں دی ہیں۔

فنکاروں کی یہ جوڑی افیئر کی مختصر اطلاعات سامنے آنے کے بعد جلد ہی جوڑے میں بدل گئی تھی۔
یہ دونوں 14 نومبر 2018 کو اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے جبکہ ان کے ہاں ستمبر 2024 میں پہلی بیٹی پیدا ہوئی تھی، جن کا نام دعا رکھا گیا تھا۔
جوڑے کے ہاں دوسرے بچے کی آمد کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ہی اپنے اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں۔ اس وقت دیپکا پاڈوکون شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں شامل ہیں جبکہ ایک اطالوی مووی میں بھی کام کر رہی ہیں۔
دوسری جانب رنویر سنگھ بھی کامیابی کے گھوڑے پر سوار ہیں کیونکہ پچھلے سال کے آخر میں آنے والی ان کی فلم ’دھورندر‘ نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے جبکہ اس کا دوسرا حصہ یعنی ’دھورند ٹو‘ بھی اسی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔
بالی وڈ انڈسٹری شخصیات کی جانب سے بھی جوڑے کو مبارک بادیں دی جا رہی ہیں۔