ریاض میں تیز ہواؤں سے اکھڑنے والا پرانا درخت محفوظ طریقے سے منتقل
نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن (این سی وی سی) نے حکومت اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر الدوادمی گورنریٹ کے داخلے پر موجود ایک قدیم ببول (اکیشیا) کا درخت دوبارہ بحال کرنے کے لیے فیلڈ آپریشن کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ درخت موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث اکھڑ گیا تھا۔
درخت کی حالت دیکھنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا جس کے لیے متعلقہ ایجنسیوں اور سینٹر کی سپیشل ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ مل کر مشترکہ ٹیم بنائی گئی جس نے اس درخت کو اپنی قدرتی حالت میں بحال کیا۔
ابتدائی اقدامات کے دوران درخت کی کانٹ چھانٹ کی گئی اور متاثرہ حصوں کو ہٹا دیا گیا۔ اس کے لیے ایک ٹیکنیکل پلان ترتیب دیا گیا اور درخت کو بحال کرنے کے لیے قدرتی میٹریل کا استعمال کیا گیا تاکہ اسے کٹاؤ سے بچایا جا سکے جس سے اس کے بچنے اور لمبی پائیداری کے امکانات روشن ہوگئے۔
جب سے اس درخت کو بحال اور دوبارہ کھڑا کیا گیا ہے تب سے ماحولیاتی ٹیمیں اس کے علاج کا جائزہ لے رہی ہیں اور تفصیلی تشخیصی رپورٹ جاری کرنے سے قبل فیلڈ کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
