Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج ستاروں کی مدد سے ’صحرا میں درست راستوں کا انتخاب کرتے تھے‘

عام طور پر ستاروں کی پوزیشن اور سیاروں کی حرکت، ٹھیک راستے کے انتخاب میں بہت معاون ہوتی تھی (فوٹو: ایس پی اے)
ماضی میں زائرین کے سعودی عرب آنے کے لیے بنائے گئے راستے پختہ تھے نہ اُن پر سفر سے متعلق واضح نشانات موجود تھے۔ ان خامیوں کی وجہ سے مسافروں کو آسمان پر بہت انحصار کرنا پڑتا تھا جس کی وسعتوں میں بجا بکھرے ہوئے ستارے اُن کے لیے راہنمائی کا کام کرتے تھے۔
دل میں عمرہ، حج اور شعائراللہ دیکھنے کی تمنا رکھ کر عازمِ سفر ہونے والے مسافر، ستاروں کی پوزیشن اور حرکت کو دیکھ کر اپنی منزلِ مقصود پر جانے کی درست راہوں کا انتخاب کرتے تھے۔
پوری تاریخِ انسانیت میں ستاروں کو سفری راستوں کی رہنمائی کرنے والے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
 زمین ہو یا سمندر، ستاروں کی رہنمائی میں ہی مسافر اپنی سمتوں کو درست کرتے یا اُن کا تعین کیا کرتے تھے تاکہ بھٹکے بغیر منزلِ مقصود پر پہنچ سکیں۔ عام طور پر ستاروں کی پوزیشن اور سیاروں کی حرکت، ٹھیک راستے کے انتخاب میں بہت معاون ہوتی تھی۔ نیّرَین یعنی سورج اور چاند کی پوزیشن اور رفتار و حرکت کو بھی اِس مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
یوں مسافر، اپنے سفر کا بہتر انتظام کر سکنے کے قابل ہو جاتے اور منصوبہ بندی کے ذریعے سفر کا آغاز کرتے۔ اِس حقیقیت کے باوجود کہ اُس زمانے میں جدید دور میں دستیاب راہ نمائی کرنے والے آلات و اوزار نہیں تھے، عہدِ رفتہ کے مسافر اپنے سفر اور منزل کا انتخاب درست طریقے سے کر لیتے تھے۔
ستاروں کی مدد سے پرانے زمانے میں شجر کاری اور کاشت کاری کے سیزن کے اوقات کا تعین بھی کیا جاتا تھا۔ اِن اجرامِ فلکی کی مدد سے موسموں میں متوقع تبدیلیوں اور سردی اور گرمی کے ایام کا بھی پتہ چلا لیا جاتا تھا۔ اس کام کے لیے سیاروں اور ستاروں کے طلوع و غروب ہونے کے اوقات سے بالخصوص سال بھر مدد لی جاتی تھی۔

ماضی میں زائرین کے قافلوں کے راستے اور پڑاؤ کے تاریخی مقامات میں سے ایک، العلا گورنریٹ بھی ہے جس کا کھلا کھلا منظر نامہ اور صاف و شفاف آسمان، ستاروں سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتے تھے۔
العلا کا یہ مخصوص پہلو، ماضی کی دھند میں کھویا نہیں ہے بلکہ آج بھی فلکی سیاحت اور ستارہ بینوں کے لیے اِس کی پرانی حیثیت قائم ہے۔ اِس روایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانوں اور آسمان کے مابین زمانوں سے چلا آنے والے یہ رشتہ اب تک قائم ہے۔

شیئر: