ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور صحافی لورین سانچیز کی اٹلی کے شہر وینس میں رواں ہفتے ہونے والی شادی کی تقریب کا مقام بدل دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کھرب پتی کی شادی کی تقریب کا مقام بدلنے کی بڑی وجہ اس شادی کی تقریب کے خلاف پھوٹنے والا احتجاج اور سکیورٹی خدشات ہیں۔ ان وجوہات کی بناہ پر جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی شادی کی تقریب ایک الگ تھلگ اور کم رسائی والے مقام پر منتقل کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
ارب پتی ٹیکنالوجی ٹائیکون جیف بیزوس اور اُن کی منگیتر نے ابتدائی طور پر وینس کے مرکزی علاقے کاناریجیو میں شادی کا جشن منانے کا منصوبہ بنایا تھا، جو شہر کی مشہور نائٹ لائف کا مرکز ہے تاہم مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر اب مقام کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شادی کی تقریب کے اعلان کے بعد کئی ہفتوں سے مقامی رہائشیوں کی جانب سے اس تقریب پر اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ تقریب کے خلاف ایک تحریک ’نو سپیس فار بیزوس‘ بھی شروع کی گئی ہے۔
اعتراضات اٹھانے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ’ایونٹ وینس جیسے تاریخی اور خوبصورت شہر کو امیروں کے لیے ایک نجی تفریحی پارک میں بدل دے گا۔‘
رپورٹ کے مطابق احتجاج کرنے والوں نے تقریب کے دوران پُرامن رکاوٹیں ڈالنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
سکائی نیوز کے مطابق مظاہرین کو شادی کی تقریب پر کوئی اعتراض نہیں ہے بلکہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ کسی ارب پتی کی شادی کے نام پر سارے کے سارے شہر کو پرائیوٹ ایریا نہ بنایا جائے جہاں مقامی شہریوں کو بھی کھلے عام گھومنے کی آزادی نہ ہو۔
’نو سپیس فار بیزوس‘ کی ایک سرگرم رُکن ایلیسا بیزولی نے سکائی نیوز کو بتایا کہ ’وہ بنیادی طور پر پورے شہر کو ایک نجی ڈانس ہال، ایک نجی تقریب کے مقام کے طور پر استعمال کرنے جا رہے ہیں، جیسے یہاں کے شہری موجود ہی نہ ہوں۔‘

’نو سپیس فار بیزوس‘ کی جانب سے سنیچر کو بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی گئی ہے جس میں وہ شادی میں شرکت کے لیے پہنچنے والے مہمانوں کو نہروں پر کشتیاں اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روکنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب شہر کی مشہور عمارتوں اور عوامی مقامات پر جیف بیزوس کے خلاف پوسٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ’وینس کے تاریخی شہر کے ورثے کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، تقریب میں یاٹس(کشتیاں) چلائی جائیں گی جس کی وجہ سے پانی میں آلودگی پھیلے گی۔‘
دوسری جانب شادی کی اصل تاریخ اور مقام کو راز میں رکھا گیا ہے تاہم اندازوں کے مطابق یہ تقریب جمعرات سے ہفتہ کے درمیان منعقد ہو گی۔ شادی کے بعد شوبز، سیاست، میڈیا اور کاروبار کی دنیا سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 سے 250 مہمان مشرقی کاسٹیلو ضلع میں واقع آرسینالے کے ایک ہال کا رخ کریں گے۔

آرسینالے ایک وسیع و عریض 14ویں صدی کا کمپلیکس ہے اور ماضی میں یہ جہاز سازی کے مرکز کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اب اسے بحال کر کے وینس بینالے آرٹ فیئر کے لیے نمائش گاہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ ہال پانی سے گھرا ہوا ہے اور جب اس سے منسلک پل اٹھا دیے جائیں تو وہاں زمینی راستے سے پہنچنا ممکن نہیں رہتا اس لیے یہ مقام تقریب کے لیے زیادہ محفوظ سمجھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل شادی کی یہ تقریب کاناریجیو کے سکولا گرانڈے ڈیلا میسیریکورڈیا میں ہونی تھی جو ایک قرون وسطیٰ کی سابق مذہبی درسگاہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دو سے آڑھائی سو کے درمیان مہمان شرکت کریں گے اور انہیں شہر میں پہنچانے کے لیے مختلف مقامات سے 90 پرائیویٹ جہاز استعمال ہوں گے۔
اسی طرح سے شادی کے منتظمین کی جانب سے مہمانوں کی تقل و حرکت کے لیے 30 واٹر ٹیکسیاں بھی مختص کی گئی ہیں۔ برائڈز ڈاٹ کام کے مطابق شادی میں فی مہمان پر 50 ہزار ڈالرز خرچ ہوں گے جبکہ کُل ملا کر شادی کی تقریب کے لیے 10 ملین ڈالرز کا بجٹ ترتیب دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 61 سالہ جیف بیزوس ایمازون کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں اور فوربز ارب پتیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے سنہ 2023 میں 55 سالہ سانچیز سے منگنی کی تھی۔ اس سے قبل ان کی مکینزی سکاٹ سے 25 سالہ شادی ختم ہو چکی ہے۔
یہ شادی وینس میں ہونے والی دیگر مشہور تقریبات کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔ اس سے قبل اداکار جارج کلونی اور انسانی حقوق کی وکیل امل علم الدین سمیت دیگر کئی مشہور شخصیات کی شادیاں یہاں منعقد ہو چکی ہیں۔