Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع

نیشنل سینٹر فار میٹیورولوجی (این سی ایم) نے جمعے کے روز خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب میں درمیانی درجے سے لے کر تیز بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث سیلابی ریلوں، اولے پڑنے اور ریت کے طوفان کا خدشہ مملکت بھر میں رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق خراب موسم مشرقی صوبے، حدودِ شمالیہ، الجوف، حائل، القصیم اور ریاض میں اثر انداز ہو سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات نے مغربی اور جنوبی پہاڑی علاقوں جن میں مدینہ، مکہ، الباحہ، عسیر اور جازان میں بھی شامل ہیں، وہاں خطرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
تبوک اور نجران میں ہلکے سے معتدل طوفانوں کی پیشگوئی کی جا رہی ہے جبکہ رات اور صبح سویرے کے وقت دھند کی وجہ سے کئی علاقوں میں حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
سول ڈیفینس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے عوام سے التماس کی ہے کہ وادیوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں کیونکہ خشک وادیاں منٹوں میں ہی طوفانی ریلوں کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ آفیشل ویدر ایپس دیکھتے رہیں۔
موسم کی یہ خرابی بہار کے غیر معمولی موسمی سلسلے کا حصہ ہے جس کی وجہ سے بعض صوبوں میں بارش کی شرح 160 فیصد سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔
ماہرین موسمیات اس شدت کی وجہ اس جیٹ سٹریم کو قرار دے رہے ہیں جو بحیرۂ ہند سے بھرپور نمی کو کھینچ کر جزیرہ نما عرب میں لا رہے ہیں۔

نی سی ایم کے مطابق جاری بارشوں کا سلسلہ جو 20 اپریل سے شروع ہوا ہے، اس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پہلے ہی مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ ریاض اور مشرقی صوبے میں شدید بارشوں سے پہلے چلنے والی گرد آلود ہواؤں کے باعث حد نگاہ شدید متاثر ہوئی ہے۔

 

شیئر: