سعودی عرب میں جمعے تک بارش کا الرٹ، کئی علاقوں میں آج سکول بند
بیان میں کہا گیا ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ممکت کے کئی علاقوں میں پیر سے آئندہ جمعے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ تعلیم الشرقیہ، حائل، قصیم نے غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث پیر 20 اپریل کو سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سکولوں میں تعلیم مدرستی پورٹل کے ذریعے ہوگی۔ اساتذہ اور عملہ آن لائن ڈیوٹی دیں گے۔
موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق’ مکہ مکرمہ اور ریاض ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا۔‘
مدینہ منورہ، حائل، قصیم، الشرقیہ، حدود الشمالیہ، تبوک، الجوف، الباحہ، عسیر، جازان اور نجران ریجن کے علاقے بھی بارش سے متاثر ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔’
ڈائریکٹوریٹ نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے‘۔
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
