Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک: زیتون کے پھول ایک اچھے اور امید افزا فصل کی خوشخبری

تبوک ریجن کا لینڈ سکیپ آج کل بہار کے رنگوں سے سجا ہوا ہے جہاں باغات میں زیتون کے سفید پھول نمودار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ کلیوں کے پھوٹنے کا مرحلہ ہے جو اصل میں زیتون کی کاشت کے سائیکل کا آغاز ہوتا ہے اور اس بات کا ابتدائی اشارہ بھی کہ زرعی سیزن میں نہ صرف کاشت کی مقدار بلکہ اس کا معیار بھی بہت اچھا ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس مرحلے کے بعد مستحکم موسمی حالات کا ایک دورانیہ آتا ہے جو زیتون کے شگوفوں کے پھول بننے کے سفر کو آسان بنانے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
زیتون کے پھولوں پر بہار کا رنگ ہر برس اپریل میں آتا ہے اور اِس امکان کو بڑھا دیتا ہے کہ پھولوں کے بعد زیتون، کامیابی سے پھل بننے کے سفر پر چل پڑیں اور مکمل اور توانا درخت کی صورت اختیار کر لیں۔
زیتون کی پیداوار میں پھولوں کا مرحلہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور پھل سے پھول کے سفر کا ایک بنیادی حصہ کہلاتا ہے۔ زیتون پر پھولوں کے بہار اُترنے کے ساتھ ہی یہ علم ہو جاتا ہے کہ اس مرتبہ کاشت کے اچھے ہونے کے امکانات کتنے قوی ہیں۔ پھولوں کا حجم اور کثافت اور اِن کا معیار بہت گہرے انداز میں آب و ہوا، پودے کے درخت بننے اور زرعی سرگرمیوں کے مؤثر ہونے سے منسلک ہوتا ہے۔
زیتون کے پھول اپنے سفید رنگ اور نلکیوں جیسی شکل سے پہچانے جاتے ہیں اور یہ اِس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ زیتون کا درخت اب پھل پیدا کرنے کے قریب آ گیا ہے۔
جُوں جُوں پتیاں گرتی ہیں، پھول اپنی ہیئت تبدیل کر کے پھل کی صورت اختیار کرنی شروع کر دیتا ہے۔ زیتون کے لیے اپنی نشو و نما کے تمام مراحل مکمل کرنے میں تقریبا تین ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے جب یہ پک کر کاشت کے لیے تیار ہو ہو جاتا ہے۔

زرعی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اِس زمانے میں جب زیتون پھولوں سے لد جائے اور پھل بننے کی راہ پر چل پڑے تو پودے کو معتدل مقدار میں پانی دینا چاہیے کیونکہ اس سے زیتون کی صحت ٹھیک رہتی ہے۔
 ماہرین اس موقع پر خُود رو گھاس کو ہٹانے کی اہمیت پر بھی بہت زور دیتے ہیں جو زیتون کے درختوں کے ساتھ اُگ کر پانی کے حصول کی جنگ میں شامل ہو جاتی ہے اور یوں زیتون کے حصے کا پانی بھی پینا شروع کر دیتی ہے۔ اِس خُود رو گھاس سے زیتون کو بچا کر رکھنے سے نہ صرف پیداواری صلاحیت بڑھتی ہے بلکہ فصل بھی معیاری اور اعلٰی کوالٹی کی ہوتی ہے۔

آج کل تبوک میں زیتون کے پودوں پر پھولوں کی کثرت، آنے والے دِنوں میں کاشتکاری کے مضبوط اور مثبت سیزن کا ایک اشارہ ہے۔
اِس سے تبوک کی وہ حیثیت بھی مضبوط ہوتی ہے کہ  اِس علاقے کا شمار ان جگہوں میں ہوتا ہے جو مملکت میں زیتون کی پیداوار کے لحاظ سے نمایاں  مقام رکھتے ہیں اور غذائی تحفظ اور زرعی اور معاشی نُمو کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتے۔

شیئر: